عمران کےاحتجاج کا دن 8دسمبر نوازشریف کےلئے بھاری رہیگا: ماہر نجوم

ہفتہ 6 دسمبر 2014 23:12

عمران کےاحتجاج کا دن 8دسمبر نوازشریف کےلئے بھاری رہیگا: ماہر نجوم

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6دسمبر۔2014ء) ماہنامہ قومی ڈائجسٹ کے ماہر نجوم کامران احمد نے عمران خان کے ” پلان سی “ کے بارے میں علم فلکیات کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے کہ فیصل آباد میں عمران خان کے حتجاج کا دن 8دسمبر ستاروں کے حساب سے میاں نوازشریف کے لئے بھاری ہے اس روز کئے جانے والے تمام اقدامات کے نتائج میاں صاحب کے خلاف جائیں گے فری ہینڈ یا پولیس ایکشن دونوں صورتوں میں فائدہ عمران خان کو ہوگا 90فیصد اثرات و نتائج حکومت کیخلاف ظاہر ہونگے۔

8دسمبر کو فیصل آباد میں سیاسی افراتفری، بے چینی اور خوف و ہراس کی فضا چھائی رہے گی ۔ 12دسمبر کو کراچی میں عمران خان کے احتجاجی پروگرام کے بارے میں آسٹرالوجرکامران احمدنے پیشگوئی کی ہے کہ اس روز عمران خان کو ذاتی حفاظت پر خصوصی توجہ دینا پڑے گی ۔

(جاری ہے)

شہر میں زبردست ہنگامہ آرائی اور سیاسی افراتفری کا امکان ہے تاہم 12دسمبر کو کراچی میں عمران خان کو ملے جلے حالات کے ساتھ کامیابی ملے گی ، نواز شریف کے لئے جزوی طور پر تکلیف دہ اور بری خبر والا دن ہو گا ۔

15دسمبر کو لاہور میں ہونے والے عمران خان کے احتجاجی پروگرام کے بارے میں ماہر علو م فلکیات کامران احمد کی پیش گوئی کے مطابق تمام تر حکومتی رکاوٹوںکے باوجود عمران خان 70فیصد ٹارگٹ حاصل کر سکیں گے جس سے عمران خان کی خود اعتمادی میں اضافہ ہو گا ،15دسمبر کو لاہور میں بد امنی اور دہشتگردی کا امکان ہے عمران خان کو ذاتی حفاظت کا خیال رکھنا ہو گا ۔

میاں نواز شریف کے لئے یہ دن 60فیصد پریشان کن اور ذہنی دباﺅ والا ہو گا ، بے احتیاطی سے بری خبر کا امکان ہے ،18دسمبر کو عمران خان کے اعلان کردہ ملک گیر احتجاج کے بارے میں آسٹرالوجر کامران احمد نے پیشگوئی کی ہے کہ اس روز عمران خان کو ملک گیر احتجاج میں 75فیصد کامیابی کا امکان ہے۔سیارہ یورنیس کی الٹی چال اور سیارہ مریخ کی نظر کے باعث ملک میں سیاسی افراتفری ، اضطراب، بدامنی اور دہشتگردی کا امکان ہے لوگوں میں خوف و بے یقینی کا عالم رہے گا ، جھگڑوں ، تصادم کے علاوہ آتش زنی کے واقعات رونما ہوسکتے ہیں ، نواز شریف اور عمران خان دونوں قائدین کی حفاظت کی طرف بہت توجہ کی ضرورت ہے ۔

کامران احمد کا مزیدکہنا ہے کہ ملک کو بد امنی اور سیاسی افراتفری سے بچانے کےلئے میاں نواز شریف اور عمران خان کو افہام و تفہیم سے کام لینا چاہیے ۔ احتجاج کے بجائے مذاکرات کے ذریعے معاملات طے کرنا ملک و قوم کے ساتھ ساتھ خود دونوں رہنماﺅں کے لئے بھی بہتر ہے ۔ عمران خان سے مذاکرات کے لئے میاں نواز شریف اپنی طرف سے ایسے افراد نامزد کریں جن کا برج پیدائش جوزا یا دلو ہو ، کیونکہ میاں نوازشریف اور عمران خان کے ستارے ایک دوسرے سے مطابقت اور موافقت نہیں رکھتے ۔

ماہر فلکیات نے ستاروں کی چال کے حوالے سے ملک کے دونوں لیڈروں وزیر اعظم نواز شریف اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ دونوں اللہ کی مخلوق پر رحم کریں اللہ ان پر رحم کرے گا اور احتجاج سے قبل مذاکرات کے ذریعے معاملات طے کریں اسی میں ملک و قوم کی بھلائی ہے ۔

متعلقہ عنوان :