سندھ ہائیکورٹ کابھارتی فلموں کی پاکستانی سینماوٴں میں نمائش پر پابندی سے متعلق درخواست پر وزارت صنعت و تجارت ،کسٹم حکام کو بھی فریق بنانے کا حکم

پیر 8 دسمبر 2014 17:18

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے بھارتی فلموں کی پاکستانی سینماوٴں میں نمائش پر پابندی سے متعلق دائر درخواست پر وزارت صنعت و تجارت اور کسٹم حکام کو بھی فریق بنانے کا حکم دے دیا ۔کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس عزیز الرحمن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔سماعت کے دوران وفاقی سنسر بورڈ کے وکیل نے عدالت میں تحریری بیان جمع کراتے ہوئے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد فلموں کو سنسر کرنے کی ذمہ داری صوبائی سنسر بورڈز کے پاس آگئی ہے ۔

غیر ملکی فلموں کی امپورٹ کو روکنا وزارت صنعت و تجارت اور کسٹم حکام کی ذمہ داری ہے ۔اس لیے ان اداروں کو بھی فریق بنایا جائے ۔عدالت نے وزارت صنعت و تجارت اور کسٹم حکام کو فریق بنانے کا حکم دیتے ہوئے 18دسمبر کو دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی ۔

(جاری ہے)

کیس کی دوبارہ سماعت 18دسمبر کو ہوگی ۔درخواست گذار کے وکیل بیرسٹر خواجہ نوید احمد نے موقف اختیار کیا تھا کہ پابندی کے باوجود ملک بھر میں بھارتی فلموں کی نمائش جاری ہے ،جس کی وجہ سے پاکستانی فلم انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے ۔

1980کے بعد وفاقی حکومت نے پابندی عائد کی تھی کہ جس فلم ہیرو یا ہدایت کار پاکستانی نہیں ہوگا وہ فلم پاکستان میں نمائش کے لیے پیش نہیں کی جاسکے گی ۔لیکن پابندی کے باوجود بھارتی فلموں کی نمائش جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :