شیریں مزاری نے پریس کانفرنس میں جس عبد المالک کی تصویر کو فوکس کیااسکا پی ٹی آئی کے مقامی عہدیدار اور اس واقعے کے مدعی یعقوب راسم سے رابطہ ثابت ہو گیا ‘ رانا ثنا اللہ خان

ہفتہ 13 دسمبر 2014 23:14

شیریں مزاری نے پریس کانفرنس میں جس عبد المالک کی تصویر کو فوکس کیااسکا ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء) سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ شیریں مزاری نے اپنی پریس کانفرنس میں جس فرد عبد المالک کی تصویر کو فوکس کر کے کہا کہ یہ آدمی قاتل کو گولی مارنے کا حکم دے رہا ہے اس عبدالمالک کا پی ٹی آئی کے مقامی عہدیدار اور اس واقعے کے مدعی یعقوب راسم سے رابطہ ثابت ہو گیا ہے ۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے فیصل آباد وقوعہ سے متعلق ہر روز نیا جھوٹ گھڑ کر لاتے ہیں اور اس کے غلط ثابت ہونے پر شرمندہ ہونے کی بجائے نیا جھوٹ گھڑتے ہیں۔

پی ٹی آئی والوں کا پہلا موقف یہ تھا کہ فائرنگ کرنے والا شخص میرا گن مین ہے ۔وہ ثابت نہ ہو سکا تو انہوں نے کہا کہ یہ میرے بیٹے شہریار کا گن مین ہے ۔یہ بھی ثابت نہ ہو سکا تو انہوں نے کہا کہ فائرنگ کرنے والا شخص (ن) لیگ کا کارکن ندیم مغل ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بھی ثابت نہ ہو نے پر انہوں نے کہا کہ یہ ایک شہری امتیاز ولد سراج ہے اور یہ بھی ثابت نہ ہونے پر انہوں نے اب یہ کہہ دیا ہے کہ یہ شخص مرزا عبد المالک ہے جو فائرنگ کرنے والے شخص کو فائرنگ کا حکم دے رہا ہے ۔

اب مرزا عبد المالک کا مدعی مقدمہ اور پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری یعقوب راسم سے تعلق ثابت ہو چکا ہے ۔شیریں مزاری صاحبہ ان تمام حقائق جو کہ ان کے پکڑے گئے جھوٹ سے متعلق ہیں ان کا جواب دیں اور آئندہ جھوٹ سے توبہ کریں۔رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ فیصل آباد فائرنگ کے مقدمے کی ایف آئی آر نمبر 830/14تھانہ سمن آباد فیصل آباد ہے ، جسے کافی غور وفکر کے بعد تقریباََ پانچ چھ گھنٹے کی تاخیر سے درج کروایا گیا۔

اس میں میرے حوالے سے صرف الزام یہ ہے کہ 7دسمبر 2014کو رات تقریباََ10بجے میرے گھر پر ایک میٹنگ ہوئی جس میں میرے علاوہ عابد شیر علی ، ممبر صوبائی اسمبلی طاہر جمیل اور ڈی سی اوفیصل آباد نور الامین مینگل موجود تھے جہاں پر اس سارے واقعے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ شیریں مزاری نے اپنی پریس کانفرنس میں اپنے ہی موقف کو جھوٹ ثابت کر دیا ہے کہ مذکورہ میٹنگ سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں ہوئی تھی۔

یہ تضادات ثابت کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی ایک جعلساز، جھوٹا، ریاکار، مکار،اقتدار کے بھوکوں اور ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کر کے پاکستان کے دشمنوں کو فائدہ اور ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا ایک ٹولہ ہے ۔رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ وہ اس مقدمے کی تفتیش میں خود اور (ن) لیگ کے کارکن بھی پیش ہوں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ میرٹ پر تفتیش کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے اور انشاء اللہ فتح حق کی ہو گی۔

متعلقہ عنوان :