قومی وطن پارٹی کا سانحہ پشاور کیخلاف پشاور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

بدھ 17 دسمبر 2014 17:28

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) قومی وطن پارٹی نے پشاور میں آرمی پبلک سکول پر حملے میں شہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور اس اندو ہناک واقعے کی مذمت کرنے کے لئے بدھ کو پشاور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کیاگیا۔ مظاہرین کی قیادت قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کی جبکہ پارٹی کے مرکزی رہنماء انیسہ زیب طاہر خیلی ایڈووکیٹ،صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر، جسٹس ریٹائرڈ شاہ جہان خان،طارق احمد خان،ممبران اسمبلی سلطان خان،ارشد خان عمرزئی،خالد خان، معراج ہمایون اور عبدالکریم خان کے علاوہ ضلع اور سٹی ڈسٹرکٹ پشاورکے عہدیداروں اور سینکڑوں کارکنوں نے احتجاج میں حصہ لیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پرد ہشت گردی کے خلاف اور غم زدہ خاندانوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤ نے اس المناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے کہاکہ اس قسم کے بزدلانہ حملوں کے ذریعے قو م کے حوصلے کو پست نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس دردناک واقعے نے پوری قوم کو متحد کر دیا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے فیصلہ کن اقدامات کئے جائیں ۔انھوں نے صوبائی حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پختونوں کا مینڈیٹ کھو دیاہے کیونکہ حکمران امن و امان کے قیام اور لوگوں کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پچھلے دو سالوں میں دہشت گردی ،بھتہ خوری،اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے اور حالیہ واقعہ جس میں بچوں بشمول لڑکیوں کو بیدردی سے قتل کیا گیا ہے برداشت سے باہر ہے کیونکہ اب پختونوں کی نسل کشی کی سازش کی جارہی ہے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندر حیات شیرپاؤ نے اس دھرتی اور پختون مٹی سے محبت کرنے والے قوتوں سے اپیل کی کہ قوم کو ان مشکل حالات سے نکالنے کیلئے یکجا ہو کر اپنا کردار ادا کرے۔

انھوں نے کہا کہ پختون قوم نے بہت قربانیا ں دی ہیں اورپختون مزید تجربات کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔انھوں نے کہا کہ وہ پختونوں کے تحفظ اور امن کے قیام کیلئے کارکنوں سے دو قدم آگے بڑھ کر ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ سکندر شیرپاؤ نے گزشتہ دن کے سانحہ کے موقع پر لوگوں کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ لوگوں نے خون کے عطیات اور دیگر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔احتجاجی مظاہرے کے اختتام پر شہیدہونے والے بچوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :