وزیر اعظم پاکستان کا دہشت گردوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کا فیصلہ خوش آئند ہے‘ ڈاکٹر فرخ جاوید،

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہدائے پشاور کے نام سنہری حروف سے لکھے جائیں گے‘وزیر زراعت کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 17 دسمبر 2014 18:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر 2014ء) پھول سے معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کے سفاک قاتلوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، وزیر اعظم کی جانب سے اعلی عدالتوں سے سزا ئے موت پانے والے دہشت گردوں کی سزا پر عملدرآمد کا فیصلہ نہایت خوش آئند ہے ، معصوم بچوں اور اساتذہ نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانی دی ہے ، قوم ان کی قربانی کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دے گی ،معصوم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ان خیالا ت کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے بادشاہی مسجد لاہور میں سانحہ پشاور کے شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک سکول میں درندگی اور بربریت کی انتہاکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے بز دلانہ حملے اس بہادر قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دہشت گردوں کا جڑ سے صفایا کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ ڈاکٹر فرخ جاویدنے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں افواج پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو جڑسے اکھاڑ پھینکے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت اپنی صفوں میں اتحاد و یگانگت پیدا کرنے کا ہے ۔ دشمن ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے اس عظیم قوم کو نہیں ہرا سکتا ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ نہ صرف جاری رہے گی بلکہ پوری قوم کی سپورٹ سے اس جنگ میں فتح ہماری ہی ہو گی۔

متعلقہ عنوان :