سانحہ پشاور پر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے غم کا اظہار

جمعرات 18 دسمبر 2014 17:50

منچن آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء ) سانحہ پشاور پر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے غم کا اظہار کیا گیا ‘وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں عالم داد لالیکا کے ہمراہ معصوم شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ڈی یوجے کے ممبران نے سیاہ پٹیاں باندھ کر صحافتی امور سرانجام دئیے ۔ڈی یو جے آفس میں فاتحہ خوانی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں عالم داد لالیکا نے کہا کہ سانحہ پشاور دنیا کی تاریخ کا ہولناک واقعہ ہے جس پر ناصرف اہل پاکستان بلکہ درد دل رکھنے والے دنیا بھر کے افراد غمزدہ ہیں۔

دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ ہر محب وطن کا مشن ہے پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہوچکی ہے ۔انہوں نے ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو ایک دھارے میں لانے کے لئے جو عملی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈی یو جے کی اعزازی ممبر شپ ملنے کا فخر ہے ۔صدر ڈی یو جے عاطف خاکوانی ،جنرل سیکرٹری طاہر کریم خان اور ان کی ٹیم اس حوالے سے مبارکباد مستحق ہے کہ وہ قلم کے ذریعے معاشرتی برائیوں اور نا انصافیوں کے خلاف برسرپیکار رہنے کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے حقوق کے حوالے سے بھی بھرپور جدوجہد کررہی ہے۔

سانحہ پشاور سمیت دیگر قومی خوشی و غمی کے ایام پر صحافتی حلقوں کی ترجمانی کرتے ہوئے تقریبات کا انعقاد ڈی یو جے کا ہی اعزاز ہے۔اس موقع پر میاں بہادر علی لالیکا ،سابق ناظمین چوہدری غلام ربانی ،چوہدری ساجد گجر ،چوہدری راشد صدیق ،صدر پریس کلب مرزا کامران ،جنرل سیکرٹری مفتی نصراللہ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :