پیٹرولیم مصنوعات میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے، سید صلاح الدین

جمعہ 19 دسمبر 2014 17:42

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) پاکستان نیشنل کنزیو موٴومنٹ سندھ کے صدر سید صلاح الدین نے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے نتیجے میں پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی کئے جانے کے حکومتی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں ہونے والی کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچایا جائے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود کھانے پینے کی اشیاء، ٹرانسپورٹ کے کرایوں، بجلی کے نرخوں اور سیمنٹ کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی جارہی ہے اور ٹرانسپورٹ مافیا عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پیٹرولم مصنوعات کی قیمتوں میں معمول اضافے پر بھی ٹرانسپورٹر حضرات فوری طور پر کرایہ میں اضافہ کردیتے تھے لیکن مسلسل تین بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کے کرایے میں کمی نہیں کی جارہی جوکہ عوام دشمن اقدام ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی ودیگر حکومتی ادارے پیٹرولیم مصنوعات میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام تک پہچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے ساتھ ساتھ اشیائے صرف کی قیمتوں پھل فروٹ میں بھی کمی کی جائے۔