Live Updates

پنجاب ،مختلف شہروں میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کیخلاف کارروائیاں

ٹائروں کو پگھلانے سے زہریلے دھوئیں ،کیمیائی تعفن پھیلانے میں ملوث درجنوں فیکٹریاں سیل جلد سے جلد پنجاب کی فضا کو ایسے زہر سے پاک کیاجاء گا جو شہریوں کے زندگیوں کو تباہ کر رہا ہے ‘مریم اورنگزیب

منگل 30 اپریل 2024 14:25

پنجاب ،مختلف شہروں میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کیخلاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) پنجاب کے مختلف شہروں میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی ، ٹائروں کو پگھلانے سے زہریلے دھوئیں اور کیمیائی تعفن پھیلانے میں ملوث درجنوں فیکٹریاں سیل کردی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، مرید کے سمیت مختلف شہروں میں ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ کاررائیاں کیں ۔

ای پی اے نے پائیرولیسیس پیدا کرنے والی پلانٹس بند کرادئیے جبکہ کارروائی کا دائرہ بھی مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے ان فیکٹریوں میں کام کرنے والے نوجوان، بزرگ ورکرز کی تصاویر بھی جاری کردیں ۔ انہوں نے کہا کہ پائیروسیس پیدا کرنے والی فیکٹریوں کے ورکرز کو کوئی حفاظتی سامان مہیا نہیں جس سے وہ مہلک بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں ، ٹائر جلانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں سے پنجاب میں لوگ دمے، سانس اور پھیپھڑوں کی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں، 400سے 800درجہ حرارت پر ٹائر اور دیگر نامیاتی اجزا جلانے سے انتہائی زہریلی گیس ‘‘کاربن مونو آکسائیڈ‘‘پھیلتی ہے ، یہ فیکٹریاں فضا میں موت پھیلا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ٹارگٹ ہے کہ جلد سے جلد پنجاب کی فضا کو ایسے زہر سے پاک کیاجائے جو بچوں سمیت شہریوں کے زندگیوں کو تباہ کر رہا ہے ،یقینی بنانا ہے کہ پانی، ہوا آلودگی سے پاک ہو، زمین سرسبز وشاداب ہو، ماحول بہتر بنا کر صحت کو بہتر بنائیں گے۔محمود بوٹی پرواقع 4پلانٹس اور شیخوپورہ میں شیخ ماجد پارولیسس پلانٹ ،افتاب شاہ گیلانی پارولیسس پلانٹ ،شیخ عامر پارولیسس پلانٹ ،زین رفاقت پارولیسس پلانٹ ،اے ایچ یو پارولیسس پلانٹ ،وقاص، پارولیسس پلانٹ، نعیم پارولیسس پلانٹ ،دانش پارولیسس پلانٹ ،عامر پارولیسس پلانٹ،شعیب پارولیسس پلانٹ،علی پارولیسس پلانٹ،بہادرپارولیسس پلانٹ کومنہدم کرکے بجلی کے کنکشنز کاٹ دیے گئے ۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹائر پگھلانے سے سیاہ کیمیائی لیس دار مادہ پیدا ہوتا ہے جو سانس کے راستے پھیپھڑوں میں چلا جاتا ہے اور کینسر سمیت دیگر جان لیوا بیماریاں پیدا کرتا ہے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات