کراچی میں شدید دھند کے باعث منسوخ ہونے والا فلائٹ آپریشن بحال

جمعہ 9 جنوری 2015 16:11

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء) کراچی میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شدید دھند کے باعث منسوخ ہونے والا فلائٹ آپریشن بحال کردیا گیا ہے۔ رات گئے ملیر اور ایئر پورٹ کے گرد و نواح شدید دھند کی لپیٹ میں آنے کے باعث سڑکوں پر ٹریفک تو روانی متاثر ہو ئی ساتھ ہی ایئرپورٹ اوراطراف میں حدنگاہ50میٹر تک جاپہنچی۔ اس صورتحال کے بعد سول ایوی ایشن نے فلائٹ آپریشن متاثرہونیکی وارننگ جاری کی جس کے بعد رات ڈھائی بجے سے ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق دھند کے باعث آنے اور جانیوالی 9 بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئیں۔ پی آئی اے کی جدہ سے آنیوالی پرواز پی کے732کو مسقط میں لینڈ کرایا گیا۔ اسکائی دبئی کی پرواز331 اور امارات ایئرلائن کی پرواز ای کے604 کو واپس دبئی بھجوا دیا گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ ابوظبی سے آنیوالی اتحاد ایئر لائن کی پرواز بھی لینڈ کئے بغیر واپس چلی گئی۔ دھند کی وجہ سے شہر قائد کے علاقوں گلستان جوہر ، گلشن اقبال ، گلشن جمال میں حد نگاہ صفر ہوگئی تھی۔

ٹریفک سست رفتار ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا تھاتاہم ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ دھند چھٹنے کے بعد سے فلائٹ آپریشن پھر سے بحال کردیا گیا ہے۔ ترجما ن سول ایوی ایشن کے مطابق امارات ائیر ویز کی پرواز ای کے 611 کراچی سے دبئی کے لئے روانہ ہوگئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں زیادہ نمی ہونے کے باعث شہر شدید دھند کی لپیٹ میں آگیا تھا جس کے باعث پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :