راولپنڈی ، اسلام آباد دھند کی لپیٹ میں ، پروازوں کا شیڈول متاثر

پیر 12 جنوری 2015 12:21

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جنوری 2015ء) راولپنڈی اسلام آباد صبح کے وقت شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ، خراب موسم کے باعث اسلام آباد سے اندرون و بیرون ملک جانیوالی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ کل منگل سے مری ، گلیات سمیت بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے ، ملک میں موسم سرما کی باقاعدہ بارشوں کا آغاز فروری کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہے گا۔ راولپنڈی اسلام آباد صبح کے وقت شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ، خراب موسم کے باعث اسلام آباد سے اندرون و بیرون ملک جانیوالی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا جبکہ دفاتر اور سکول جانیوالوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

رواں ہفتے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں کمی کا امکان ہے ، پیر اور منگل کو ڑوب اور کوئٹہ ڈویڑن میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ منگل اور بدھ کو اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت خیبر پختونخواہ ، راولپنڈی ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، لاہور ڈویڑن ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش جبکہ اس دوران مری ، گلیات ، پاراچنار ، مالاکنڈ ڈویڑن ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے میدانی علاقوں میں جاری دھند کی شدت میں اتوار سے کمی آنے کی پیشنگوئی کی ہے جبکہ گندم کی کاشت کے بارانی علاقوں میں منگل اور بدھ کو کہیں کہیں بارش ہوگی ، موسم سرما کے دوران پاکستان کے بالائی علاقوں میں معمول کے مطابق جبکہ جنوبی علاقوں میں معمول سے کم بارش ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :