کراچی، گستاخانہ خاکوں کے خلاف صاحبزادہ ابوالخیرکی اپیل پر کل ملک بھرمیں یوم احتجاج منایاجائے گا

جمعرات 15 جنوری 2015 17:29

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جنوری 2015ء) قائدجمعیت علماء پاکستان وسربراہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف کل ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ مغرب اپنے خبث باطن کو آزادیء اظہار کانام دے کر ہمارے آقاومولیٰ ﷺ شان میں باربار گستاخی کا مرتکب ہورہاہے، دنیابھر کے غلامان رسول عربی ﷺ اپنے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کریں گے،انہوں نے کہاکہ آزادیء اظہارکا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ دوسروں کی دل آزاری کی جائے،اسلام میں دہشتگردی کی قطعاً اجازت نہیں لیکن مغرب یہ جان لے کہ شان رسالت میں گستاخی کی سزاموت ہے،او آئی سی اورمسلم حکمران اسلامی غیرت اور حمیت کا مظاہرہ کریں اور اقوام متحدہ میں توہین رسالت کے خلاف متفقہ قراردادمنظورکرائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج ملک بھرکے عاشقان مصطفےٰ نمازجمعة المبارک کے بعد مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کریں اور علماء کرام نمازجمعہ کے اجتماعات سے خطاب میں فرانس اور دیگر ممالک کے گستاخ کارٹونسٹوں کوسزائے موت دلوانے کی قراردادیں منظورکرائیں۔ انہوں نے بتایاکہ 25جنوری کو کراچی میں ہونے والی انقلاب نظام مصطفےٰ ﷺ کانفرنس غلامان رسول کا تاریخی اجتماع ثابت ہوگی۔تمام عاشقان مصطفےٰ کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتاہوں کہ متحد ہوکر پاکستان میں نظام مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ کی تحریک میں اپناکرداراداکریں ۔