جنرل ہسپتال امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے ڈاکٹروں کے اعزاز میں تقریب،

نوجوان ڈاکٹرز کو ریسرچ اور تحقیق کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنالینا چاہئے‘ پرنسپل پی جی ایم آئی، قوم کیلئے قیمتی اثاثہ اور معاشرے کیلئے صحت کا پیغام ہے، پروفیسر انجم حبیب وہرہ

ہفتہ 17 جنوری 2015 19:21

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء)جنرل ہسپتال کے ہڈی وارڈ میں گزشتہ روز ایم ایس اور ایف سی پی ایس آرتھو پیڈک امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے ڈاکٹروں کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے ڈاکٹروں میں شیلڈز تقسیم کیں۔ اس موقع پر پروفیسر عرفان محبوب‘ پروفیسر ابوبکر صدیق‘ پروفیسر غیاث النبی طیب‘ پروفیسر آغا شبیر علی، ڈاکٹر عمر عادل، صدر پی ایم اے لاہور ڈاکٹر تنویر انور‘ ایم ایس ڈاکٹر سعید صوبن سمیت ڈاکٹرز بڑی تعداد میں موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ ڈاکٹروں کو ریسرچ اور تحقیق کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لینا چاہئے تاکہ میڈیکل کا شعبہ ترقی کرکے مریضوں اور دکھی انسانیت کیلئے ریلیف کا سامان مہیا کرسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوزیشن حاصل کرنیوالے ڈاکٹروں کی مہارت وتجربہ نہ صرف مریضوں کے کام آئے گا بلکہ جونیئر ڈاکٹرزکے لئے بھی رہنمائی کا زریعہ بنے گا۔

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ بیماریوں اور وباؤں کے تدارک کیلئے شبانہ روز محنت اورکوشش کرنیوالے میڈیکل کے طالب علم نہ صرف لائق تحسین ہیں بلکہ سپیشلائزیشن کرنیوالے ڈاکٹر پوری قوم کیلئے قیمتی اثاثہ اور معاشرے کیلئے صحت اور تندرستی کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشلائزیشن کرنے والے ڈاکٹرز کو پی جی ایم آئی اورایل جی ایچ میں تدریسی وتحقیقی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔جن ڈاکٹرز کو شیلڈز دی گئیں ان میں ڈاکٹر مدثر صدیق، ڈاکٹر زمان، ڈاکٹر زبیر، ڈاکٹر عمران مغل، ڈاکٹر انعام، ڈاکٹر اقبال میو، ڈاکٹر نعمان، ڈاکٹر نسیم صفدرو دیگر شامل ہیں۔