تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی فل پروف بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں، مشتاق احمد غنی،

وزیر اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کا پشاوریونیورسٹی، ایگریکلچر یونیورسٹی اور جناح وویمن کالج کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

بدھ 21 جنوری 2015 23:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی فل پروف بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ تمام تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ سیکیورٹی انتظامات کے نام پر فیسوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے بدھ کے روز پشاور یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کی۔ صوبائی وزیر نے یونیورسٹی کیمپس، ایگریکلچر یونیورسٹی اور جناح وویمن کالج کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی ڈاکٹر رسول جان، رجسٹرار یونیورسٹی ڈاکٹر فضل ہادی اور پولیس سیکیورٹی حکام نے وزیر اطلاعات کو سیکیورٹی انتظامات سے متعلق تفصیلات میں بتایا کہ پولیس کی 4گاڑیاں اور 7موٹر سائیکل رائیڈرز پٹرولنگ کرتے ہیں جبکہ 40کے قریب پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز یونیورسٹی میں تعینات کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ خفیہ کیمروں کی تنصیب بھی عمل میں لائی گئی ہے۔ وزیر موصوف نے اس موقع پر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ خفیہ کیمروں کی مانیٹرنگ ٹیم اور سیکیورٹی گارڈز کے درمیان فوری رابطہ کے لئے موثر نظام تشکیل دیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔انہوں نے یونیورسٹی کے مختلف اندرونی و بیرونی راستوں پر سیکورٹی پوائینٹس بنانے کی بھی ہدایت کی۔

مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات میں غفلت و کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں جن کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ۔سکولوں، کالجز میں کمیونٹی پولیسنگ اور SOSالرٹ نظام متعارف کرایا گیا ہے جس سے کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے میں مدد حاصل ہو گی۔

تعلیمی اداروں میں بونڈری والز کی تعمیر، اسلحے کی فراہمی، خفیہ کیمروں کی تنصیب، خار دارتاریں لگانے سمیت تمام تر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے لئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ اپنے بچوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے طلباء و طالبات سے ملاقاتیں بھی کیں اور ان کے تعلیم کے حصول کی لگن اور جذبہ کو سراہا ۔

متعلقہ عنوان :