Live Updates

نومئی جلاﺅ گھیراﺅ مقدمات: اسد عمر کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

عمران خان سمیت دیگر قیادت کے خلاف کوئی ثبوت یا چالان میں ایما کا الزام موجود نہیں.وکیل‘ اسد عمر کی حد تک بریت کی درخواست پر آرڈر کروں گا.جج کے ریمارکس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 30 اپریل 2024 13:06

نومئی جلاﺅ گھیراﺅ مقدمات: اسد عمر کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 اپریل۔2024 ) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے 9 مئی جلاﺅ گھیراﺅمقدمات میں سابق وزیر اسد عمر کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے نجی ٹی وی کے مطابق ڈسٹرک اینڈ سیشن جج شبیر بھٹی نے تھانہ ترنول میں درج 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کی، اسد عمر اور پاکستان تحریک انصاف کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے.

سماعت کے دوران وکیل آمنہ علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر قیادت کے خلاف کوئی ثبوت یا چالان میں ایما کا الزام موجود نہیں، اسد عمر کی حد تک درخواست بریت پر دلائل ہوچکے ہیں اس پر جج شبیر بھٹی نے ریمارکس دیے کہ اسد عمر کی حد تک بریت کی درخواست پر آرڈر کروں گا.

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے وکیل سردار مصروف نے بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی استدعا کی جس پر جج نے دریافت کیا کہ کیا عمران خان کی بریت کی درخواست دائر ہوئی ہے؟جس پروکیل نے بتایا کہ ان کی بریت کی درخواست دائر نہیں ہوئی، پروڈکشن کی درخواستیں دائر ہوئی ہیں.

بعد ازاں عدالت نے اسد عمر کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران مختلف شہروں میں فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاﺅ گھیراﺅ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کے راہنماﺅں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات