Live Updates

عدالت نے بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے کی درخواست نمٹا دی

بشریٰ بی بی کے ساتھ کچھ غلط نہیں ہوا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے ریمارکس

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 اپریل 2024 13:04

عدالت نے بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے کی درخواست نمٹا دی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل 2024ء ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابقہ خاتون اول بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے کی درخواست نمٹا دی۔ بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے کے باعث میڈیکل چیک اپ کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ ’کیا بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ کرا لیے گئے ہیں اور کیا بشریٰ بی بی ٹھیک ہیں؟‘، اس پر اسٹیٹ کونسل عبدالرحمان نے عدالت کو بتایا کہ ’بشریٰ بی بی کے شفاء ہسپتال سے ٹیسٹ کرائے گئے ہیں، ڈاکٹر عاصم یوسف کی نگرانی میں ٹیسٹ کرائے گئے، بشریٰ بی بی بالکل ٹھیک ہیں‘۔

اس موقع پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ ’زہر سے متعلق کیا ہے؟‘ جس پر اسٹیٹ کونسل نے جواب دیا کہ ’زہر کے کوئی اثرات نہیں پائے گئے‘، عمران خان کی اہلیہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’بشریٰ بی بی خود عدالت میں پیش ہو کر بریف کرنا چاہتی ہیں‘، تاہم عدالت عالیہ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے کے باعث میڈیکل چیک اپ کی درخواست نمٹا دی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ’بشریٰ بی بی کے ساتھ کچھ غلط نہیں ہوا درخواست نمٹا رہے ہیں‘۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی، جس میں بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کا مطالبہ کیا گیا، اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے الزام عائد کیا تھا کہ سابقہ خاتون اول کو کیمیکل ملا ہوا کھانا دیا گیا جس سے ان کے گلے اور پیٹ میں تکلیف ہوئی، بشریٰ کھا نہیں پا رہی ہیں اور بیمار ہیں، افسران انہیں طبی سہولت بھی مہیا نہیں کروا رہے۔

بشریٰ بی بی کی طبیعت کے حوالے سے عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے فکر مندی ظاہر کی، عظمیٰ خان نے عدالت میں دائر درخواست میں لکھا کہ شوکت خانم میموریل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر، گیسٹرو اینٹیرولاجسٹ ڈاکٹر عاصم یوسف کو جیل کے میڈیکل ڈاکٹر کی موجودگی میں عمران خان کی اہلیہ کی طبی جانچ کرنے کی اجازت دی جائے۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات