وزیرداخلہ محسن نقوی کا نادرا سنٹر کینٹ کا دورہ ، انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت

محسن نقوی نے شہریوں سے دستاویزات کے حصول کے بارے دریافت کیا ،مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری

منگل 30 اپریل 2024 13:06

وزیرداخلہ محسن نقوی کا نادرا سنٹر کینٹ کا دورہ ، انتظامات بہتر بنانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضرار شہید روڈ لاہور کینٹ کے نادرا سنٹر میں انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضرار شہید روڈ لاہور کینٹ کے نادرا سنٹر کا دورہ کیا اور شناختی کارڈ و دیگر ضروری دستاویزات بنوانے کیلئے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے شہریوں سے دستاویزات کے حصول کے بارے دریافت کیا اور ان کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے، وزیرداخلہ نے نادرا سنٹر میں شہریوں کیلئے سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ نے نادرا سنٹر ضرار شہید روڈ میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کانٹرز پر موجود شہریوں سے گفتگو بھی کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نادرا میں ایجنٹ مافیا نہیں ہے تو پاسپورٹ آفس سے بھی اس کا خاتمہ کریں گے، نادرا سنٹرز کے دورے عوام کو انتظار اور تاخیر کی زحمت سے بچانے کیلئے کر رہا ہوں، پوری کوشش ہے نادرا سنٹرز میں بلا تاخیر شہریوں کو دستاویزات فراہم کی جائیں۔