فرانسیسی سفیر کو فی الفور ملک بدر کرکے اپنے سفیر کوواپس بلایاجائے، قائدین اہلسنّت،

صدقے یارسول اللہ ریلی کے شرکاء سے علامہ تراب الحق، ثروت اعجاز قادری شبیر ابوطالب، پیر اشرف اشرفی، طارق محبوب، ریحان امجدنعمانی، مفتی غوث بغدادی ودیگر کا خطاب

جمعرات 22 جنوری 2015 23:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22جنوری۔2015ء)تنظیمات اہلسنّت کے زیراہتمام مشترکہ ناموس رسالت ریلی میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاگیاہے کہ فرانسیسی سفیر کو فی الفور ملک بدر کرکے اپنے سفیر کوواپس بلایاجائے، اقوام متحدہ توہین رسالت کو عالمی جرم قراردے اور حکمران غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تحفظ ناموس رسالت کے لئے نکلنے والے جلوسوں اور ریلیوں کی قیادت کریں۔

ریلی کے شرکاء سے جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سیدشاہ تراب الحق قادری، پاکستان سنّی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمدشبیر ابوطالب، پیر اشرف اشرفی، علامہ مظفرحسین شاہ، مفتی عابد مبارک، عاطف بلو، طارق محبوب، صاحبزادہ ریحان امجد علی نعمانی، مفتی غوث بغدادی، علامہ اکرام المصطفےٰ اعظمی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے ذریعے مسلمانوں کی دل آزاری کی گئی جس پر عالم اسلام کا احتجاج فطری اور مبنی برحق ہے، آزادیء اظہارکے نام پر مغرب کی دوہری پالیسی اس کے مکروہ چہرے سے پردہ ہٹانے کے لئے کافی ہے، یہ ثابت ہوچکاکہ عالم کفر مسلمانوں کے خلاف متحد ہوچکاہے اوراسلام کے خلاف منظم منصوبہ بندی کے تحت سازشوں کا جال بن رہاہے ، گستاخانہ خاکے اسی سلسلے کی کڑی ہیں ، مغرب توہین آمیز خاکوں کے ذریعے مسلمانوں کے جذبہء ایمانی کااتحان لے رہاہے ،مغرب کی آزادی اظہار ہماری دل آزاری بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

عالمی رہنماتہذیبوں کے تصادم کو روکنے کیلئے مل بیٹھ کر ازسرنو لائحہء مرتب کریں۔انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ عالمی سطح پر مذاہب اور مقدس شخصیات کی توہین کے خلاف مئو ثر قوانین بنائے جائیں۔ توہین رسالت ﷺ آزادی اظہار نہیں بلکہ دو ارب مسلمانوں کے بنیادی حقوق سے انحراف ہے۔مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک اب بندہوناچاہئے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ریلی میں جمعیت علماء پاکستان صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ السید عقیل انجم قادری، کراچی کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی،مفتی محمدرفیع الرحمٰن نورانی،مولانابشیرفاروق قادری، مولاناابراراحمدرحمانی، قاری سلیم اختر، پیر فاروق انور شاہ کاظمی، میر نادر خاں مروت، مولاناریاض الدین، مفتی ناصرخان قادری ترابی، محمدحسین لاکھانی، مولانااشرف گورمانی، مولاناسیدبلال شاہ، مفتی نثاراحمدقادری، حاجی عبدالرحیم نورانی، قاری شمیم الدین سمیت عالم اسلام کے معروف ثناء خواں اور میلادانجمنوں کے اکابرین بھی بڑی تعدادمیں شریک تھے۔