فوجی عدالتوں کی تعداد طے ہو چکی، مقدمات کی سکروٹنی ہو رہی ہے: پرویز رشید

جمعہ 6 فروری 2015 19:40

فوجی عدالتوں کی تعداد طے ہو چکی، مقدمات کی سکروٹنی ہو رہی ہے: پرویز ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6فروری۔2015ء) سینیٹر پرویز رشید نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کے ذریعے قائداعظم کا پاکستان واپس لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی عدالتوں میں مقدمات کی فہرست تیار کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کی تعداد طے کی جا چکی ہے اور مقدمات کی فہرست تیار کی جا رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عبادت گاہوں پر حملہ کرنے والوں کا وقت ختم ہوگیا ہے۔ آپریشن ضرب عضب چھینے ہوئے پاکستان کو واپس لینے کی ابتداء ہے۔ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے قائداعظم کا پاکستان واپس لیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ این اے 122 میں دوبارہ گنتی سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

این اے 122 کا حلقہ کُھلا تو تھیلوں سے شیر ہی شیر نکلے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے جس الیکشن کمشن پر عدم اعتماد کر رہے تھے اب اس کی تعریفیں کر رہے ہیں۔ خان صاحب جس الیکشن کمشن کو غیر قانونی کہتے تھے آج وہیں اپنی شکایات لے کر گئے۔ عمران خان کوٹ کم اور اپنے بیان زیادہ بدلتے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کے سربراہ کی جانب سے ڈکٹیٹر کی خواہش پر بڑی حیرت ہوئی۔

عمران خان پاکستان کیلئے اچھے ڈکٹیٹر کے خواہاں ہیں حالانکہ کبھی کسی آمر نے ملک کو فائدہ نہیں پہنچایا۔ ملک میں موجودہ مسائل آمروں کے ہی پیدا کردہ ہیں۔ ہمیشہ سیاسی قیادت نے ملک کو بحرانوں سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کروانا حکومت کی سب سے بڑی خواہش ہے۔ پنجاب میں امیدواروں نے کاغذات حاصل کر لئے تھے لیکن اس میں قانونی پیچیدگیاں حائل ہو گئیں۔ حلقہ بندیاں کروانا الیکشن کمشن کا کام ہے، حکومت اس میں دخل اندازی نہیں کر سکتی۔ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کروانے کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کو جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :