والدین کی شفقت سے محروم یتیم بچوں کی کفالت دینی ،قومی فریضہ ہے، پروفیسر محمد ابراہیم خان،

الخدمت فاوٴنڈیشن کے تحت آغوش ہومز کا قیام اس سلسلے میں انتہائی مستحسن اقدام ہے، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا

ہفتہ 7 فروری 2015 22:59

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروری 2015ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر اور سابق سینٹر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ والدین کی شفقت سے محروم یتیم بچوں کی بہترین تربیت اور کفالت کیلئے اجتماعی جدوجہد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔الخدمت فاوٴنڈیشن کے تحت آغوش ھومز کا قیام اس سلسلے میں ایک انتہائی مستحسن اقدام ہے جس کی بھر پور سرپرستی اور عملی تعاون معاشرے کے ہر فرد کا دینی اور ملی فریضہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے الخدمت فاوٴنڈیشن کے تحت پشاور میں یتیم بچوں کی کفالت کیلئے قائم ادارے آغوش الخدمت ھوم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر الخدمت فاوٴنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر نورالحق،جماعت اسلامی پشاور کے امیر صابر حسین اعوان،ممتاز عالم دین مولانا مسیح گل بخاری،آغوش الخدمت پشاور کے ایڈمنسٹریٹر تحسین اللہ اور الخدمت فاوٴنڈیشن کے صوبائی ترجمان نورالواحدجدون سمیت آغوش میں مقیم بچوں کے رشتہ داروں اور علاقے کے معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے الخدمت فاوٴنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر نورالحق،جماعت اسلامی کے ضلعی امیرصابر حسین اعوان اور مولانا مسیح گل بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت دین اسلام میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور قرآن عظیم الشان میں یتیم کا ذکر23مقامات پر آیا ہے جس سے اسلام میں یتیموں کی کفالت اور اہمیت کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔اس موقع پر آغوش میں مقیم بچوں نے ملی نغمے اور ترانے بھی پیش کئے۔#