اتحادی اور افغان نیشنل آرمی کی کارروائیاں  طالبان کمانڈر عمر خالد خراسانی کے زخمی ہونے کی اطلاع

عمر خالد خراسانی دو ہفتے قبل ننگرہار میں افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہوئے ہیں  احسان اللہ احسان

اتوار 8 فروری 2015 18:13

اتحادی اور افغان نیشنل آرمی کی کارروائیاں  طالبان کمانڈر عمر خالد ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 8فروری 2015ء) افغانستان میں اتحادی فوج اور افغان نیشنل آرمی کی کارروائی میں کالعدم جماعت الحرار کے کمانڈر عمر خالد خراسانی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی سرحد سے متصل افغان علاقے میں افغان نیشنل آرمی اور اتحادی افواج نے مشترکہ کارروائی میں طالبان کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

تحریک طالبان کے سابق ترجمان اور عمر خالد خراسانی کے انتہائی قریبی ساتھی احسان اللہ احسان نے تصدیق کی کہ عمر خالد خراسانی دو ہفتے قبل ننگرہار میں افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہوئے ہیں تاہم آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کو ایک جھڑپ میں زخمی ہوئے ہیں۔طالبان کی جانب سے خبر کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان کے سابق کمانڈرعمر خالد خراسانی زخمی ہوئے مہمند ایجنسی میں آپریشن کے باعث طالبان کی بڑی تعداد افغانستان فرار ہو گئی تھی جس میں عمر خالد خراسانی بھی شامل تھے۔

گذشتہ سال عمرخالد خراسانی کو طالبان شوریٰ سے اختلافات کے باعث نکال دیا گیا تھا جب کہ اس کے گروپ نے ایف سی اہلکاروں کے قتل کی بھی ذمہ داری قبول کی تھی۔

متعلقہ عنوان :