میاں چنوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ٹیکسٹائل ملز کے مزدوروں کے احتجاج کے دوران نامعلوم کار سوارکی فائرنگ ، ایک شخص جاں بحق ، 3 مزدور زخمی

جمعہ 20 فروری 2015 23:26

میاں چنوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ٹیکسٹائل ملز کے مزدوروں کے احتجاج ..

میاں چنوں(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 20 فروری 2015ء) میاں چنوں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ٹیکسٹائل ملز کے مزدوروں کے احتجاج کے دوران نامعلوم کار سوارکی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 3 مزدور زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق میاں چنوں میں کسانوں کی جانب سے پنجاب شگر ملز کے گھیراؤ کا سلسلہ جاری تھا کہ وہاڑی روڈ پر موجود عبداللہ ٹیکسٹائل ملز کے مزدوروں نے بھی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر مسافر پل کے قریب احتجاج شروع کر دیا اور وہاڑی روڈ بلاک کردی ،اسی اثنا ء میں کچا کھوہ کی جانب سے آنے والے ایکس ایل آئی کار نمبریLEW6970کے سواروں نے کارکو نکالنا چا ہا تو ڈنڈوں سے مسلح مزدوروں نے زبردستی روک لیا جس پر ان کی کار سواروں سے تلخ کلامی ہوگئی تو کار سوار محمد یاسر ولد بشیر احمد سکنہ گولڑہ شریف اسلام آباد نے کار سے باہر آکر ریوالورسے فائرنگ شروع کردی جس کی زد میں آکرعبداللہ ٹیکسٹائل ملز کے سامنے موجود چائے کے ہوٹل کا اعلیٰ تعلیم یافتہ مالک محمد عارف ذولفی ولد حبیب سکنہ -83پندرہ ایل موقعہ پر جاں بحق ہوگیا جبکہ تین مزدور زخمی ہوگئے جن میں سے اظہر سکنہ -81پندرہ ایل نامی مزدور کو تشویش ناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اسی اثنا میں فائرنگ کرنے والے کو مزدوروں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا تو دیگر کار سواروں نے افراتفری میں کار بھگا لی جس کی زد میں آکر چک نمبر-27ٹن آر کی سات سالہ بچی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔اطلاع پر فوری ناکہ بندی ہونے سے پٹرولنگ پولیس کار اور کار میں موجود دیگر سواروں کو پکڑ کر تھانہ چھب کلاں پولیس کے حوالے کردیا ہے تاہم زخمی حملہ آور کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میاں چنوں پہنچا دیا گیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق مزدور ابھی بھی مشتعل ہیں اور کسی وقت بھی عبداللہ ٹیکسٹائل ملز پر حملہ آور ہوسکتے ہیں ۔ مزدوروں کے مطابق جاں بحق ہونے والا عارف بھی بہت پریشان رہتا تھا کیونکہ تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے مزدوروں نے اس سے کیا گیا ادھار ادانہ کیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :