اسکول بوائز اینڈ گرلز اتھلیٹکس اور بیڈمنٹن 15 روزہ کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ حیدرآباد میں جاری

پیر 2 مارچ 2015 20:21

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) محکمہ کھیل حکومت سندھ کی جانب سے منعقدہ اسکول بوائز اینڈ گرلز اتھلیٹکس اور بیڈمنٹن 15 روزہ کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ حیدرآباد میں جاری ہے۔ اس کیمپ میں مختلف اسکولز کے 100 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ جنہیں کوالیفائڈ کوچز جاوید شیخ، عشرت محی الدین اورثناء شبنم تربیت دے رہی ہیں۔

ڈائریکٹر کالجز حیدرآباد ریجن پروفیسر عبدالقادر کھوڑو نے کوچنگ ٹریننگ کیمپ کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ کھیل کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں گراس روٹ پر طلباء و طالبات کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کیمپ میں شریک کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ اس موقعہ سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی جسمانی صلاحیت کو بڑھائیں اور ایک اچھے طالب علم کے ساتھ اچھے کھلاڑی بن کر بھی ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ اس موقعہ پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر علی احمد جمالی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج لطیف آباد نمبر11، پروفیسر ادریس شیخ ، پروفیسر محمد نعیم، پروفیسر عطاء اللہ، پروفیسر نجیب لودھی اور کیمپ کے نگران سید راحت علی شاہ بھی موجود تھے۔