گردے کی بیماریوں سے بچنے کے لئے شہری صحت مند زندگی گزارنے کے رہنما اصولوں پر عمل کریں‘ڈاکٹر سعدیہ مشتاق

اتوار 8 مارچ 2015 14:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء)گردے کی بیماریوں سے بچنے کے لئے شہری صحت مند زندگی گزارنے کے رہنما اصولوں پر عمل کریں، سیلف میڈیکشن سے پرہیزکریں اور غیر ضروری ادویات کے استعمال سے بھی دور رہیں،ورزش کو معمول بنائیں اور کھانے پینے میں احتیاط برتیں، پانی کا استعمال زیادہ کریں اور وزن کو بڑھنے نہ دیں۔ یہ طبی مشورے معروف فزیشن ڈاکٹر سعدیہ مشتاق نے ہیلتھ ایجوکیشن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حفظا ن صحت کے بنیادی اصولوں پر عمل نہ کرنے اور لاپرواہی برتنے سے صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں اور کم عمر ی سے ہی بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں جو بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ پیچیدگی اختیار کرجاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طرز زندگی کی تبدیلی سے شوگر،بلڈپریشر ، کینسر اور امراض قلب بڑھ رہے ہیں اور یہ امر قابل تشویش ہے کہ زیادہ تعداد میں نوجوان ان بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

ڈاکٹر سعدیہ نے کہاکہ گردوں کے امراض میں ہونے والا اضافہ بھی اس امر کی طرف توجہ دلا رہا ہے کہ ہم ہیلتھ ایجوکیشن کو عام کریں اور ہیلتھ سیکٹر سے وابستہ پروفیشنل لوگوں میں شعوری بیداری میں فعال کردا ر ادا کرکے انہیں بیماریوں سے بچانے کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کریں۔