اقتدار کے حصول اور کرسی کیلئے سٹیٹس کو والی جماعتوں کا مک مکا ہے، عوام کے مسائل کیلئے نہیں ہے،ابراررضاایڈووکیٹ

منگل 10 مارچ 2015 17:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے ضلعی صدر ابراررضاایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اقتدار کے حصول اور کرسی تک پہنچنے کے لئے سٹیٹس کو والی جماعتوں کامک مک ہے ،عوام کے لئے نہیں ہے،عوامی مسائل کا حل حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے۔ سینیٹ الیکشن کے نام پر پاکستان میں اک تماشا بپا کیاگیا،ایسے میں فقط ایک ہی آوازڈاکٹر طاہرالقادری کی ہے جو کرپٹ نظام اور سٹیٹس کو کے خاتمے کے لئے علم بغاوت بلند کئے ہوئے ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میڈیاسیل میں عوامی تحریک کے عہدیدااران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مصطفی خان،حسن ملک،عرفان طاہر،غلام علی خان،احسن قریشی،احسان اللہ ایڈووکیٹ،سفیان صابر،عزیزاللہ مروت ایڈووکیٹ،انصار ملک اور منظور ملک بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتدار کے حصول اور سینیٹ کے چیئرمین شپ کے لئے مک مکا کی سیاست کو ملک و قوم کا وسیع تر مفاد قراردیا گیا ،کل کے سیاسی دشمن، حریف اور سٹیٹس کو کے نظام کے محافظ اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے ایک تھے اورایک ہیں جو پوری قوم پر عیاں ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام مایوسی کی دلدل سے نکل آئیں بہت جلد قوم کے مسیحا ڈاکٹر طاہرالقادری صحت یاب ہوکر وطن آنے والے ہیں ، مفاد پرست عناصر اور کرپٹ نظام زمین بوس ہوکر رہے گا۔ عوامی تحریک مک مکا کی سیاست کاخاتمہ کر کے رہے گی۔ عوام کو شریک اقتدار کیاجائے گا،جس سے حقیقی جمہوری معاشرے کاقیام شرمندہ تعبیر ہوگا۔