صحافی معاشرے کی آنکھ ہیں ،ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ‘محمد افضل کھوکھر،

نیب کو سرکاری اداروں میں کرپشن ختم کرنے کیلئے ایسٹا کوڈ نافذ کرنے کی ہدایت کی جارہی ہے‘مشیر وزیر اعظم

منگل 31 مارچ 2015 21:47

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء ) مشیر وزیر اعظم ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ ہیں ،ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بے گھرعلاقائی نمائندوں کو چھت کی نعمت دینے اور انشورنس کرنے کے علاوہ ان کے بچوں کیلئے تعلیم اورمیڈیکل الاؤنس جاری کرنے کیلئے جلد خصوصی پیکیج اناؤنس کررہے ہیں۔

وہ ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں ریجنل یونین آف جرنلسٹس رائے ونڈ کے چیف آرگنائزر رشید صابر اور صدر عاطف محمود سبزواری کی قیادت میں ملنے والے علاقائی صحافیوں کے دفد سے کررہے تھے ۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم پر قوم کے ہرایک بچے کا ہمارے بچوں جتناہی حق ہے ۔

(جاری ہے)

تعلیم کے فروغ سے ہی ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے ۔سعودی عرب جنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی مدد کرناعوام کا فیصلہ ہے ۔

۔سعودی عرب کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے میں حکومت نے سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مشیر وزیر اعظم افضل کھوکھر نے کہا کہ حکومت نے کرپشن کے ناسور کو ختم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے ۔نیب کو سرکاری اداروں میں کرپشن ختم کرنے کیلئے ایسٹا کوڈ نافذ کرنے کی ہدائت کی جارہی ہے ۔ بحیثیت چیئرمین وائلڈ لائف پنجاب افضل کھوکھر نے کہا کہ موجودہ ٹینشن زدہ ماحول میں عوام کو تفریح فراہم کرنا بھی ضروری ہے ،موسم ٹھیک ہوتے ہی رائے ونڈ روڈ سفاری پارک میں جشن بہاراں کا آغاز کردیا جائے گا ،یہ اپنی نوعیت کا خوبصورت ترین ایونٹ ہوگا ،جو ہفتہ بھر جاری رہے گا ۔

اس موقع پر انہوں نے بطور چیئرمین مویشی منڈیاں، ماڈل بازار پنجاب انتظامیہ کو عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایات بھی دیں ۔ اس موقع پر لاہور،گجرانوالہ اور ساہیوال ڈویژن کے کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹرز کے علاوہ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ راولپنڈی،فیصل آباد ،ایم ڈی سرگودھا اور مختلف اضلاع کے افسران سمیت ماڈل بازار رائے ونڈ کے منیجر میاں عامر اقبال اور سیکرٹری محمود صدیق چودھری بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :