روشنیوں کے شہر میں خوف و دہشت فضاء برقرار رکھنے کے لیے دہشت گرد آج بھی سرگرداں ہیں،سینیٹر شاہی سید

گزشتہ ایک ماہ میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کسی طور شہریوں کیلئے تازہ ہوا کے جھونکے سے کم نہیں ،صدر اے این پی سندھ

پیر 20 اپریل 2015 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران کراچی میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری کسی طور شہریوں کے لیے تازہ ہوا کے جھونکے سے کم نہیں ہے کراچی کی عوام ہر صورت میں دہشت گردوں سے نجات چاہتی ہے ریاستی ادارے تو اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں شہریوں کو بھی اداروں کی پشت پر کھڑا ہونا پڑے گا چند روز امن رہنے کے بعد دہشت گرد ایک مرتبہ پھر شہر میں متحرک ہورہے ہیں غیرملکی شہری اور خاص طور پر پولیس افسران و اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ انتہائی تشویش ناک ہے پورے ملک کی نظریں کراچی میں جاری آپریشن کے نتائج پر لگی ہوئی ہیں ٹارگٹ کلرز ایک مرتبہ پھر شہر میں منظم ہورہے ہیں روشنیوں کے شہر میں خوف و دہشت فضاء برقرار رکھنے دہشت گرد آج بھی سرگرداں ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان ہاؤس میں سہراب گوٹھ سے آئے ہوئے پارٹی رہنماؤں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے مذید کہا کہ دیگر عوام عوامل کے ساتھ شہر کی پر تشدد تاریخ سیاسی مصلحتوں کی ہولناک داستان بھی ہے ٹارگٹ کلنگ،بوری بند لاشیں، بھتہ خوری اور چائنہ کٹنگ چند روز کی پیدا کردہ نہیں بلکہ انتہائی منظم انداز میں گزشتہ تین دہائیوں میں شہر پر مسلط ہیں ،کراچی کے جرائم شاید دنیا کی انتہائی منظم ترین جرائم ہیں انہوں نے مذید کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک موجودہ آپریشن کو جاری رکھنا ہوگادہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جاسکتی ہے ۔