سعودی عرب کے یمن میں فوجی آپریشن ختم کرنے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد دوبارہ فضائی حملے

تعز میں حوثی باغیوں نے صدر ہادی کی حامی فوج کے 35ویں آرمڈ بریگیڈ کے ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کر لیا، لڑائی میں درجنوں افراد مارے گئے،باغیوں کے فوجی اڈے پر قبضے کے چند گھنٹوں بعد ہی جنگی جہازوں سے باغیوں کو نشانہ بنایا گیا،فوجی حکام

بدھ 22 اپریل 2015 18:26

سعودی عرب کے یمن میں فوجی آپریشن ختم کرنے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ..

ریاض/ صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22اپریل۔2015ء ) سعودی عرب نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فوجی آپریشن ختم کرنے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی دوبارہ یمن میں فضائی حملے کیے ہیں۔عالمی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد نے یمن کے تیسرے بڑے شہر تعز میں حوثی قبائلیوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔تعز میں فضائی حملوں سے پہلے وہاں حوثی باغیوں نے سعودی عرب فرار ہونے والے یمنی صدر ہادی کے حامی فوج کے اڈے پر قبضہ کر لیا تھا۔

اس کے علاوہ عدن اور صوبہ لہج کے دارالحکومت ہوتا میں بھی جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔بدھ کو علی الصبح تعز شہر کے مضافات میں حوثی باغیوں نے صدر ہادی کی حامی فوج کے 35ویں آرمڈ بریگیڈ کے ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کر لیا۔ایک فوجی اہلکار نے بتایا کہ حوثی قبائلیوں کے حملے کے بعد ہونے والی شدید لڑائی میں درجنوں افراد مارے گئے۔

(جاری ہے)

باغیوں کے فوجی اڈے پر قبضے کے چند گھنٹوں بعد ہی جنگی جہازوں سے باغیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

فوجی اہلکار کے مطابق جنگی جہازوں نے تعز شہر میں باغیوں اور سابق صدر صالح کے حامیوں پر بھی حملے کیے ہیں۔سعودی عرب نے ایران پرحوثی باغیوں کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ تہران ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔یمن میں فضائی کارروائیاں بند کرنے کے اعلان کے بعد سعودی عرب کے فوج کے سربراہ نے کہا تھا کہ اْن کا ملک یمن کے مسئلے کا سیاسی حل چاہتا ہے لیکن انھوں نے ضرورت پڑنے پر فوج کے استعمال کو مسترد نہیں کیا۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’فوجی کارروائی بند کرنا مثبت اقدام ہے، متاثرین کو امداد دی جائے، بین الیمنی مذاکرات کروائے جائیں اور حکومت بنائی جائے۔ ہم مدد کے لیے تیار ہیں۔‘اس سے قبل ایران کی وزارتِ خارجہ نے سعودی عرب کے اعلان کا خیر مقدم کیا تھا۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ یمن کے بحران کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور بلا شبہ جنگ بندی اور معصوموں اور نہتے افراد کی ہلاکتوں کے خاتمے کا فیصلہ ہی درست اور آگے بڑھنے والا ہے۔

‘یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کیے جانے کے بعد سے بے چینی ہے۔حوثی زیدی شیعہ ہیں اور انھوں نے جنوری میں صدر ابراہیم منصور ہادی کو اْن کے صدارتی محل میں نظر بند کر دیا تھا جس کے بعد صدر ہادی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے اور انھوں نے فروری میں عدن میں پناہ حاصل کر لی۔تاہم بعد میں مارچ کے مہینے میں جب حوثی باغیوں اور صدر ہادی کی مدد کرنے والی سابق صدر علی عبداﷲ صالح کی حامی افواج نے ساحلی شہر کی جانب پیش قدمی شروع کی تو وہ ملک چھوڑ کر چلے گئے۔

سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی کے مطابق سعودی عرب اور اْس کی اتحادی افواج کے آپریشن ’ڈیسائیسیو سٹورم‘ نے اپنے فوجی اہداف حاصل کر لیے ہیں اور اب ایک نیا آپریشن شروع کیا جائے گا۔اس نئے آپریشن کا نام آپریشن ’ریسٹورنگ ہوپ‘ ہے جس کا مقصد اس مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنا ہے اور سعودی عرب میں سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے کام پر توجہ دینا ہے۔

سعودی اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل احمد العصیری نے کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں حوثی باغیوں کے ہاتھوں شہریوں کے قتل عام روکنے سے امیدیں بحال ہوئی ہیں اور زمینی حقائق تبدیل ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ آپریشن ’ڈیسائیسیو سٹورم‘ یمن کی حکومت کی درخواست پر ختم کیا گیا ہے۔ ٹی وی پر نشر ہونے والی تقریر میں یمن کے مفرور صدر منصور ہادی نے سعودی عرب اور اْس کے اتحادیوں کا شکریہ ادا کیا۔منصور ہادی نے کہا کہ ’میں یمن کی عوام کی جانب سے غیر معمولی تعاون پر عرب ممالک اور مسلم اْمہ اور دوستوں کا تہہِ دل سے شکرگزار ہوں۔امریکہ نے بھی فضائی حملے روکنے کے سعودی عرب کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور یمن کے بحران کے خاتمے کے لیے مذاکرات پر زور دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :