معاشی حالات میں بہتری کے بعد لوگ ٹور ازم اور ہوٹلنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ‘ سی ای او کوتھم

حکومت آئندہ بجٹ میں ٹیکسٹائل اور زراعت کی طرح سیاحت کی انڈسٹری کیلئے بھی مراعات کا اعلان کرے بھارت ،سری لنکا ، بھوٹان ، مالدیپ اور نیپال کی مجموعی قومی آمدنی میں سیاحت کا ایک بڑا حصہ شامل ہے‘ احمد شفیق

اتوار 3 مئی 2015 15:19

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3مئی۔2015ء) کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق نے کہا ہے کہ پاکستا ن میں سیاحت کے شعبے میں اربوں ڈالر زکا پوٹینشل موجود ہے ،پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری آنے کے بعد لوگ ٹور ازم اور ہوٹلنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ،حکومت آئندہ بجٹ میں ٹیکسٹائل اور زراعت کی طرح سیاحت کی انڈسٹری کیلئے بھی مراعات کا اعلان کرے ،ہمارے ہمسایہ ممالک بھارت ،سری لنکا ، بھوٹان ، مالدیپ اور نیپال کی مجموعی قومی آمدنی میں سیاحت کا ایک بڑا حصہ شامل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سیاحت کے شعبے سے وابستہ مختلف کمپنیوں کے ذمہ داران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سی ای او کوتھم احمد شفیق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ دو سالوں میں پیش کئے جانے والے بجٹ کے موقع پر سیاحت کی ترقی اور فروغ کے لئے خاطر خواہ اقدامات اور فنڈز مختص نہیں کئے اگر آئندہ مالی سال کے لئے بجٹ میں اسے ترجیح میں نہ رکھا گیا تو بہت دیر ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحت کوپروموٹ کرنے کے لئے خصوصی فنڈز مختص کرے اس سے نہ صرف قیمتی زر مبادلہ آئے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری کے بعد لوگ سیاحت ،ہوٹلنگ اور اس سے وابستہ دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل اور زراعت کی طرح اس شعبے پر بھی توجہ دے اور مراعات کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں اربوں ڈالرز کا پوٹینشل موجود ہے ، ہمارے قریبی ہمسایہ ممالک اس شعبے کو فروغ دے کر کثیر زر مبادلہ کما رہے ہیں مگر ہم اس شعبے کو یکسر نظر انداز کئے ہوئے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔

متعلقہ عنوان :