تعطیل کے روز بھی بد ترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں،شہری ‘ دیہی علاقوں میں 10سے 14گھنٹے بجلی کی بندش

پانی کی قلت بھی بدستور بر قرار ، عوام کو معمولات زندگی نمٹانے میں شدید مشکلات درپیش رہیں،احتجاج کا سلسلہ بھی جاری

اتوار 3 مئی 2015 15:37

تعطیل کے روز بھی بد ترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں،شہری ‘ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3مئی۔2015ء) وزارت پانی وبجلی تعطیل کے روز بھی عوام کو ریلیف نہ دے سکی ، مختلف شہری اور دیہی علاقوں میں 10سے 14گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے عوام کاچھٹی کی مناسبت سے مرتب کیا گیا شیڈول بری طرح متاثر رہا ، بجلی کی بندش سے پانی کی قلت بھی بر قرا ررہی جسکی وجہ سے عوام کو معمولات زندگی نمٹانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ گزشتہ روز بجلی کی طلب 15 ہزار 100 جبکہ پیداوار 10 ہزار 500 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی ۔ حکام کے مطابق خشک اور گرم موسم کی وجہ سے آئندہ چند روز میں بجلی کی طلب میں مزید اضافہ ہو گا جس سے بجلی کا شارٹ فال مزید بڑھے گا ۔بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ زیادہ دبا ؤوالے علاقوں میں بجلی کا سسٹم بار بار ٹرپ بھی ہونے لگا ہے ۔

(جاری ہے)

اتوار کی تعطیل کے باعث سرکاری دفاتر اور صنعتی سیکٹر بند ہونے کے باوجود بھی مختلف شہری علاقوں میں 8سے 10جبکہ دیہی علاقوں میں 12سے 14گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی جس سے عوام کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا ۔ دوسری طرف بجلی کی بندش کی وجہ سے ٹیوب ویل بھی پوری استعداد سے نہ چل سکے جسکے باعث پانی کی قلت بھی بر قرار رہی ۔ گزشتہ روز بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف لاہو رکے علاقہ ٹھنڈی کھوئی ، گڑھی شاہو، مریدکے آبادی ، نارنگ منڈی اور شرقپو رشریف کے مختلف مقامات پر مظاہرے کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :