پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن 16لاکھ طالبعلموں کو مفت تعلیم مہیا کر رہی ہے‘ انیلہ سلمان

بدھ 6 مئی 2015 16:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے تعلیمی لحاظ سے ضرورت مند پارٹنر سکولوں کی سہولت کے لیئے "سکول امپروومنٹ پروگرام"لانچ کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا آغاز آئندہ ہفتے سے ہو گا جس میں ایک سو دس پارٹنر سکول شر کت کریں گے۔ اس پروگرام کا مقصد منتخب سکولوں کی تعلیمی ضروریات کو مد نظر رکھ کر انکے مجموعی معیار میں بہتری لانا ہے تاکہ طالبعلموں کو کوالٹی ایجوکیشن ملے ۔

یہ بات منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلمان نے آج یہاں اپنے دفتر میں منعقدہ محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی ۔ اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرسلمان انور ملک اور دیگر پروگرام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں بے وسیلہ طالبعلموں کی مفت تعلیم کے منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ پیف موجودہ سال میں 15سو سے زائد نجی سکولوں سے تعلیمی پارٹنر شپ کر رہی ہے۔

اجلاس نے کہا کہ پیف 16لاکھ مستحق طالبعلموں کو مفت تعلیم مہیا کر رہی ہے اور اس توسیع سے طالبعلموں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ انیلہ سلمان نے ہدایت کی کہ پیف کی پارٹنرشپ میں آنے والے نئے سکولوں کی سہولت کے لیئے تعارفی پروگرام منعقد کیئے جائیں ۔ انہوں نے پارٹنر سکولوں میں 60لاکھ نصابی کتب کی منظم اور شفاف تقسیم پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ پیف یہ کتابیں اپنے پارٹنر سکولوں کے طالبعلموں کوہر سال مفت مہیا کرتی ہے۔ تاہم ان کتابوں کی کسی بھی قسم کی فروخت کی سختی سے ممانعت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیف بے وسیلہ طالبعلموں کو مفت اور معیاری تعلیم مہیا کر کے "پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب"کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :