حکومت پنجاب رمضان المبارک میں صارفین کو تاریخی سبسڈی دے گی ‘ڈاکٹر فرخ جاوید

مارکیٹ کمیٹی کا عملہ بازاروں میں اعلیٰ کوالٹی کی اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنائے‘صوبائی وزیرزراعت

اتوار 10 مئی 2015 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 مئی۔2015ء ) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ عوام الناس کو معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی ہرصورت میں یقینی بنائی جائے گی،رمضان المبارک سے پہلے بعض حلقوں کی جانب سے ذخیرہ اندوزی کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ وہ ذخیرہ اندوزی ترک کرتے ہوئے اپنا سامان بازاروں میں لائیں اور مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش نہ کریں۔

ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہاکہ جرم کی ڈگر پر چلنے والے ذخیرہ اندوز قانون کے شکنجے سے بچنے نہیں پائیں گے۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے ان خیالات کا اظہار شادمان اتوار بازار کادورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھاکہ حکومت پنجاب صوبے کے عوام کو ہرممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گذشتہ سالوں کی طرح حکومت اس سال بھی رمضان المبارک میں صارفین کیلئے تاریخی سبسڈی پیکیج کا اعلان کرے گی۔

انہوں نے بتایاکہ یہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن ہی کا ثمر ہے کہ صارفین کو گھی اور تیل 15سے 25روپے فی پیکٹ سستے مہیاکئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اس سال بھی تمام اشیائے خوردونوش بالخصوص آٹے، چینی، گھی اور دالوں کی قیمت میں تاریخی سبسڈی دی جائے گی۔قبل ازیں وزیرزراعت نے شادمان اتوار بازار کا تفصیلی دورہ کیا، اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیا اور شہریوں سے فرداً فرداً گفتگو کی۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہاکہ صارفین اشیائے خوردونوش کی قیمتوں سے مطمئن ہیں تاہم معیار میں بہتری کی بہت گنجائش باقی ہے۔انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے عملے کو ہدایت کی کہ اشیائے خوردونوش کی کوالٹی کو بہتر کیاجائے اور بازار میں صفائی کا بہترین انتظام کیا جائے۔