ملتان کینٹ میں حساس ادارے کے اہلکار کو زخمی ، 22لاکھ روپے کی تنخواہیں چھیننے والے ملزم کو گرفتار کر لیا،، ملزم خود اسی ادارے کا ملازم نکلا

جمعہ 22 مئی 2015 19:56

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) اوکاڑہ پولیس نے ملتان کینٹ میں حساس ادارے کے اہلکار کو زخمی کر کے ملازمین کی تنخواہوں کے22لاکھ روپے چھیننے والے ملزم کو حجرہ میں ڈکیتی کی واردات کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ، ملزم اسی حساس ادارے کا ملازم نکلا ہے ، پولیس نے ملزم سے حساس ادارے کے اہلکاروں کی تنخواہوں کی چھینی جانے والی22لاکھ روپے کی رقم بھی بر آمد کر لی ، ملزم کو ملازم ہونے کی بنا پر پولیس نے حساس ادارے کے حوالے کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل تھانہ حجرہ پولیس نے ڈکیتی کی واردات کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا جس نے اپنا نام رفیق بتایا۔تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم حساس ادارے میں ملازم ہے اس بات کی اطلاع جب حساس ادارے کی سپیشل برانچ کو دی گئی تو معلوم ہوا کہ اس ملزم نے ملتان کینٹ میں حساس ادارے کے ایک افسر کو فائر مار کر زخمی کر کے اس سے22 لاکھ روپے چھینے جو ملازمین کی تنخواہوں کے تھے۔

(جاری ہے)

اوکاڑہ پولیس نے اس انکشاف پر ملزم کی تفتیش کی اس دوران اسکی نشان دہی پر اسکے رشتہ داروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔اور ملزم سے چھینے جانے والے22لاکھ روپے بر آمد کر کے اسے حساس ادارے کے حوالے کر دیا گیا جبکہ ملزم کو بھی حساس ادارے کا ملازم ہونے کی وجہ سے حساس ادارے کے حوالے کر دیا گیا۔اس اہم کیس کے ٹریس ہونے ،ملزم کی گرفتاری اور ملکی سلامتی کے محافظ ادارے کے جوانوں کی چھینی جانے والی تنخواہوں کی رقم کر بر آمدگی پر اعلیٰ افسران نے ڈی پی او اوکاڑہ فیصل رانا کا شاباش دی ہے۔

متعلقہ عنوان :