خیبر پختو نخوا میں بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آگئے

حکمران جماعت تحریک انصاف پہلی نمبرجبکہ عوامی نیشنل پارٹی کارکردگی دکھا کردوسرے نمبر پرہے پشاورمیں غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی کامیاب امیدواروں کے حامی سڑکوں پر نکل آئے ، ہوائی فائرنگ اورڈھول کی تھاپ پر رقص

اتوار 31 مئی 2015 16:24

خیبر پختو نخوا میں بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 مئی۔2015ء) خیبر پختو نخوا میں بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں۔ حکمران جماعت تحریک انصاف پہلی نمبرجبکہ عوامی نیشنل پارٹی کارکردگی دکھا کردوسرے نمبر پرہیں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق خیبر پختو نخوا میں ضلع کونسل کی 978نشستوں میں سے 240کے نتائج آگئے ہیں۔ نتائج کے مطابق تحریک انصاف66، اے این پی33، جماعت اسلامی26، جے یو آئی ف27، ن لیگ25، پی پی18 اور قومی وطن پارٹی نے5 نشستیں جیتی ہیں۔

تحصیل کونسل کی 978نشستوں میں سے 141کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف24، اے این پی17، جماعت اسلامی21، جے یو آئی ف12، مسلم لیگ ن14، پی پی4 اور قومی وطن پارٹی نے4 نشستیں جیتی ہیں۔ ادھر خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے حامیوں کا جشن بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی دارلحکومت پشاورمیں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی کامیاب امیدواروں کے حامی سڑکوں پر نکل آئے اورکھلے عام ہوائی فائرنگ کی اورڈول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں کامرس کالج اور سرکلر روڈ پر تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں، ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور مٹھائی تقسیم کی۔ ضلع سوات کے شہر مینگورہ میں مسلم لیگ ن، اے این پی اور قومی وطن پارٹی کے کارکنوں نے سڑکوں پر ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔ پشاور میں بھی کامیاب امیداروں کے حامیوں نے جشن منایا اور والہانہ رقص کیا اور اس موقع پر آتش بازی بھی کی گئی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے خیبر پختو نخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو کامیاب قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکورٹی اہم چیلنج تھا۔ انتخابات سے متعلق موصولہ شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے، خیبر پختو نخوا بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکورٹی اہم چیلنج تھا، 80ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں اور آرمی کی 35کمپنیز نے انتخابات کے دوران سیکورٹی کے فرائض سر انجام دیے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بہادر ووٹرز خاص طور پر خواتین کا حق رائے دہی کے لیے نکلنا قابل تحسین ہے۔ الیکشن کے دوران پولنگ اسٹاف، سیکورٹی اہلکاروں، پاک فوج، آر اوز اور ڈی آراوز کا کردار قابل تعریف رہا۔۔