شہداء کو کبھی نہیں بھول سکتے، پولیس کی نوکری مشکل ہے لیکن دہشت گردوں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، ایڈیشنل آئی جی کراچی

پولیس شہداء کے ہر کیس کی تفتیش کررہے ہیں اور ان کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، پولیس کے شہداء کے حوالے سے منعقدہ پروگرام سے خطاب سندھ اسمبلی نے شہید ایکٹ منظور کیا ہے، اس ایکٹ کے تحت شہید کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے ملتے ہیں اور انکے بچوں کو دو نوکریاں دی جائیں گی

بدھ 17 جون 2015 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 جون۔2015ء) ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ ہم اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھول سکتے، پولیس کی نوکری مشکل ہے لیکن دہشت گردوں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، پولیس شہداء کے ہر کیس کی تفتیش کررہے ہیں اور ان کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پولیس کے شہداء کے حوالے سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پروگرام میں شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غلام قادر تھیبو نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کو کبھی نہیں بھول سکتے ۔ پولیس کی نوکری بہت مشکل ہے لیکن ہم کبھی دہشتگردوں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری آپریشن میں اب تک 286 افسران و اہلکار اپنی جانو کا نظرانہ پیش کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس شہدا کے ہر کیس کی تفتیش کررہے ہیں اور ان کے قاتلوں کو کیفردار تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے شہید ایکٹ منظور کیا ہے۔ اس ایکٹ کے تحت شہید کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے ملتے ہیں۔ شہید ایکٹ کے تحت انکے بچوں کو دو نوکریاں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید کے لواحقین کو کسی بھی قسم کا مسئلہ ہو وہ اگر دفتر تک رسائی نہیں کرسکتے تو پولیس ہیلپ نمبرز یا ٹول نمبر پر بتا سکتے ہیں۔ شہدا کے لواحقین کے ساتھ پولیس ادارے کا جو تعاون ہے وہ انکی قربانی جتنا تو نہیں ہے لیکن صرف انکو اپنائیت کا احساس دلانا ہے۔

ہم ہر وقت اپنے شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی شہدا کے جزبات کو بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ بہادر پولیس افسران و اہلکاروں کو شاباش پیش کرتا ہوں۔ ایس پی کلفٹن امجد حیات اور ایس ایچ او غزالہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جس نے ایک اچھا پروگرام منعقد کیا۔