پی ایس ایف کا ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ اور دیگر مقابلوں کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ صبح بجائے رات کو جاری رکھنے کا فیصلہ

پیر 22 جون 2015 12:56

پی ایس ایف کا ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ اور دیگر مقابلوں کی تیاری ..

اسلام آباد ۔ 22 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جون۔2015ء) پاکستان سکواش فیڈریشن نے ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کیلئے رمضان المبارک کی وجہ سے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ صبح کی بجائے رات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی کھلاڑی رات 11 سے 2 بجے تک مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے اے پی پی کو بتایا کہ ورلڈ جونیئر انفرادی سکواش چیمپئن شپ عید الفطر کے فوراً بعد 25 سے 27 جولائی تک ہالینڈ میں کھیلی جائے گی جس کی وجہ سے فیڈریشن نے رمضان المبارک میں قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور قومی کھلاڑی رات 11 سے 2 بجے تک بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں دو سینئر اور 6 جونیئر کھلاڑی تربیت حاصل کررہے ہیں ۔ سینئر کھلاڑیوں میں ناصر اقبال اور فرحان زمان جبکہ جونیئر کھلاڑیوں میں طیب حسن ‘ عاصم خان ‘ اسرار احمد ‘ عباس شوکت ‘ احسن ایاز اور ذیشان خان شامل ہیں اور کوچ انہیں جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔