لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دوماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف کوپر روڈ پر دھرنا دے کر احتجاج

ڈی جی ہیلتھ کی یقین دہانی پردھرناختم کر دیا گیا ،تنخواہ نہ دی گئی عید الفطر کے روز مال روڈ پر دھرنا دیا جائیگا‘ مظاہرین کی دھمکی

پیر 6 جولائی 2015 20:21

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء ) لیڈی ہیلتھ ورکرز نے دوماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ آفس کوپر روڈ پر دھرنا دے کر احتجاج کیا ،ڈی جی ہیلتھ کی یقین دہانی پردھرناختم کر تے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر تنخواہ نہ دی گئی عید الفطر کے روز مال روڈ پر دھرنا دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

کوپر روڈ پر ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ آفس کے سامنے دھرنا دینے والے لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کہنا تھاکہ رمضان المبارک شدید مشکلات میں گزار اجبکہ تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے بچوں کے لئے عید کی تیاریاں بھی نہیں کی جا سکیں ۔

دھرنے کے دوران شدید گرمی اور حبس کے باعث دو خواتین بیہوش بھی ہوگئیں ۔ ڈی جی ہیلتھ کی طرف سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی گئی جس کے بعد احتجاج ختم کر دیاگیا ۔خواتین کا کہنا تھاکہ اگر تنخواہ نہ ملی تو عید پر مال روڈ کو دھرنا دے کر بلاک کر دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :