ملک بھر میں یوم علیؓ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جلوس کی سکیورٹی سخت، متعدد شہروں میں دفعہ 144 نافذ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 9 جولائی 2015 10:56

ملک بھر میں یوم علیؓ  عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جلوس کی ..

(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 09 جولائی 2015 ء): ملک بھر میں یوم حضرت علیؓ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے. یوم علی کی مناسبت سے ملک بھر میں جلوس نکالے جا رہے ہیں ، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ملتان میں مرکزی جلوس امام بارگاہ کاشانہ حیدریہ جبکہ لاہور میں مرکزی جلوس مبارک حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوگیا ، کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔

لاہور میں یوم علیؓ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوگیا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہواگامے شاہ کربلا پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے شرکا چوک رنگ محل میں نماز ظہرین ادا کریں گے، یومِ علی کے روائتی جلوس کے روٹ کو سکیورٹی کے لیے 12 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سو پچیس سی سی ٹی وی کیمروں، تین ڈرون کیمروں اور ایک ہیلی کاپٹر کے ساتھ جلوس کی زمینی اور فضائی نگرانی کی جارہی ہے،جلوس کے روٹ پر موبائل فون سروس جلوس کے اختتام پذیر ہونے تک معطل رہے گی۔

جلوس کی سکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ، رینجرز کی دو کمپنیاں اور ایلیٹ فورس کی گاڑیاں کوئیک رسپانس کے طورپر گشت کررہی ہیں، اور ملحقہ راستوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

کراچی میں یوم علیؓکاجلوس شاہ خراسا ں نمائش سے شروع ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا ، حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی کیلئے 11 ہزارپولیس اہلکارتعینات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کے راستے میں بلندعمارتوں پرپولیس کے ماہرنشانہ باز بھی تعینات ہیں۔ ذرائع کے مطابق جلوس کےمرکزی راستےبم ڈسپوزل اسکواڈ سےکلیئرکرائے جائیں گے۔پشاور میں یوم علی کے موقع پر سکیورٹی ریڈ الرٹ ہے۔ مرکزی جلوس آج رات گیارہ بجےامام بارگاہ اخون آباد سے برآمد ہوگا۔

پولیس حکام کے مطابق شہر میں ریڈالرٹ جاری کردیاگیا ہے۔ جلوسوں کی سکیورٹی کےلئے دو ہزار پولیس نفری تعینات کی گئی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق جلوسوں کی برآمدگی سے قبل بم ڈسپوزل یونٹ اور سراغ رساں کتے جلوس کے راستوں پر سرچ کریں گے۔ جلوس کے روٹ پردکانیں بھی بند رکھی جائیں گی۔

پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات کی بناء پردفعہ 144 کے تحت ضلع بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر تین دن کےلئے پابندی عائد کردی ہے۔

پشاور میں دوپہر دو بجے اہلسنت و الجماعت گھنٹہ گھر سے ریلی نکالے گی، جبکہ مرکزی جلوس رات گیارہ بجے امام بارگاہ اخون آباد سے برآمد ہوگا۔کوئٹہ میں یوم علی کا مرکزی جلوس رات تقریباً ساڑھے نو بجے علمدار روڈ پر واقع پنجابی امام بارگاہ سے برآمد ہوگا اور میکانگی روڈ ،آرٹ اسکول روڈ ،پرنس روڈ سے ہوتا ہوا واپس میکانگی روڈ پہنچ کرامام بارگاہ نیچاری میں اختتام پذیر ہوگا ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ماتم جلوس کی سکیورٹی کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے، مقرر راستوں پرمجموعی طور22 سو سکیورٹی اہلکار فرائض انجام دیں گے۔

ملتان میں یوم شہادت علی ؓکے جلوس برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔مرکزی جلوس امام بارگاہ کاشانہ حیدری سے برآمد ہوکر منزل کی جانب رواں دواں ہے۔