اتحادی ممالک افغانستان میں شکست پر پاکستان سے انتقام لینے کی سازشیں کر رہے ہیں ، وطن عزیزپاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے بھارت کو شہ دی جارہی ہے ، وہ پاکستان کو میدان جنگ بنایا جارہا ہے ، جنگ کے اس آخری راؤنڈ میں بھی ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا

امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدافطار پروگرام سے خطاب

جمعرات 9 جولائی 2015 22:51

اتحادی ممالک افغانستان میں شکست پر پاکستان سے انتقام لینے کی سازشیں ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جولائی۔2015ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدنے کہا ہے کہ اتحادی ممالک افغانستان میں شکست پر پاکستان سے انتقام لینے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ وطن عزیزپاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے بھارت کو شہ دی جارہی ہے اور اس ملک کو میدان جنگ بنایا جارہا ہے۔ جنگ کے اس آخری راؤنڈ میں بھی انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پاکستان اس وقت سخت تکلیف دہ صورتحال سے گزر رہا ہے مگر یہ سب کچھ وقتی ہے۔ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں اسلام دنیاکی سب سے بڑی قوت بن کر ابھررہاہے۔ برما کے مہاجرین کی مدد اور تھرپارکرسندھ و دیگر علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ وہ گزشتہ روز مسلم میڈیکل مشن کے زیر اہتمام مقامی شادی ہال میں ڈاکٹرز کے اعزاز میں دیے گئے افطار پروگرام سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فرقہ واریت امت مسلمہ کے لئے زہر قاتل ہے امت کے وجود کو مستحکم کرنے کے لئے اس ناسور سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔ پاکستان لاالہ الا اﷲ کی جاگیر ہے مسلمان قرآن و سنت کا پرچم تھام لیں تو فرقہ واریت ختم ہو جائے گی۔انہوں نے کہاکہ صلیبی، یہودی و ہندو اس بات سے سخت پریشان ہیں کہ آنے والے وقت میں اسلام دنیاکی سب سے بڑی قوت بن کر ابھرنے والاہے۔

مسلمان اپنے قدموں پرکھڑے اور دنیامیں ایک مضبوط قوت بن رہے ہیں۔ انہیں خطرہ ہے کہ وہ باطل نظام اورڈھانچے جو انہوں نے بہت محنت سے مسلمان ملکوں میں قائم کئے تھے ‘ باقی نہیں رہیں گے۔ کمیونزم کی طرح سرمایہ دارانہ نظام بھی بکھر جائے گا اوران کی موجودہ حیثیت باقی نہیں رہے گی۔انہوں نے کہاکہ دشمنان اسلام کے تسلط سے نجات کیلئے مسلمانوں کو واپس اپنے اصل دین کی طرف پلٹنا ہو گا۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان اپنے عقائد واعمال کی اصلاح کریں، مغربی کلچر و ثقافت چھوڑ کر محمدی کلچر پر عمل پیرا ہوں۔ سود اﷲ اور اس کے رسولﷺ سے کھلی جنگ ہے اسے ختم کیا جائے۔ خواتین پردہ کریں اور اپنے بچوں کو ایسے تعلیمی اداروں میں داخل نہ کروائیں جہاں ان کے عقیدے و ایمان برباد ہونے کا اندیشہ ہو۔انہوں نے کہاکہ ساٹھ سے زائد ملکوں کو اﷲ نے ہر قسم کے وسائل کی دولت سے نواز رکھا ہے اگر یہ اتحادویکجہتی کا مظاہرہ کریں تو مسلمانوں کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کا کھل کر ساتھ دیں اور انہیں آٹھ لاکھ بھارتی فوج کے تسلط سے نجات دلانے کی کوششیں کریں وہ وقت دور نہیں جب کشمیری مسلمان ان شا ء اﷲ آزاد فضا میں سانس لیں گے۔انہوں نے کہاکہ کشمیراور پاکستان لازم و ملزوم ہیں انہیں کسی صورت جدا نہیں کیا جاسکتا ۔مظلوم کشمیریوں کی لازوال قربانیوں نے آزادی کشمیر کی منزل کو قریب کر دیا ہے پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پرکھڑی ہے۔

انہوں نے کہاکہ دشمنان اسلام چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کوآپس میں دست وگریباں کر دیاجائے۔اتحادی ممالک افغانستان پر قبضہ کرکے خلیج کے وسائل پر بھی قابض ہونا چاہتے تھے لیکن کامیاب نہیں ہو سکے۔انہیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ افغانستان پاکستان کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا۔ انڈیا بھی جلد یہاں سے نکل جائے گا۔ افغانستان کی سرزمین پر اس کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر، برما اور فلسطین سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں پرمظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ ہندو،صلیبی و یہودی جو چاہتے ہیں کرتے ہیں کوئی ان کاہاتھ روکنے والا نہیں ہے۔ مسلم حکمرانوں کو متحدہو کر ملکوں و معاشروں کے دفاع کیلئے جرأتمندانہ پالیسیاں ترتیب دینی چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :