Live Updates

نواز مودی ملاقا ت کو صرف فوٹو سیشن ہی نہیں ،بامقصد بھی ہونا چاہیے ‘ عمران خان نے اپنے اراکین کی تنخواہیں واپس کر کے ناقدین کے منہ بند کر دئیے

چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان کی وفد سے گفتگو

جمعہ 10 جولائی 2015 20:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جولائی۔2015ء) چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ خطے کے حالات کا تقاضا ہے کہ نواز مودی ملاقا ت کو صرف فوٹو سیشن تک ہی محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے پاکستان کے قومی تقاضوں کے مطابق بامقصد بھی بنایا جائے ، وزیر اعظم نواز شریف ماضی کی روایت کو ترک کر کے دوٹوک اور ملکی دفاع کے مطابق موقف اختیار کریں اور کارگل یا کسی اورتناظر میں بھارتی ہمدردی کے بہکاوے میں نہ آئیں ۔

عبدالعلیم خان نے این اے 122کے مختلف حلقو ں سے بلدیاتی امیدواران سے گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ مودی کے دل میں کھوٹ ہے اور سفارتی محاذ پر بھارت کی طرف سے ہمیشہ ایسی بساط بچھائی جاتی ہے جس کا مقصد پاکستان کو ’’ٹریپ ‘‘کرنا اور ہمارے عسکری اداروں کو نیچا دکھانے کی کوشش کرنا ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب یہ سیاسی قیادت کا فرض ہے کہ اس افواج پاکستان کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھے جس کی طرف سے ملکی دفاع اورسا لمیت کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے جا رہے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ پھونک پھونک کر قدم اٹھائیں اور نواز شریف محض تجارتی تعلقات کے شوق میں تیزیاں نہ دکھائیں وگرنہ بھارت کوئی نئی چال چل دے گا ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی طرف سے تنخواہوں کی واپسی کا اعلان کر کے ناقدین کے منہ بند کر دئیے ہیں ایک مرتبہ پھر ثابت ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گی ،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی پالیسیوں سے متاثر ہو کر ہی ملک بھر سے سیاسی رہنماؤں کی عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی شامل ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور انشاء اﷲ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی ملک کی واحد اکثریتی جماعت ثابت ہو گی ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے ہماری تیاریاں جاری ہیں اور ہم حکومت کو بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات