‘ ملک میں کرپشن پر محیط ٹھیکیداری نظام نے سکولوں کی ناقص تعمیر سے کروڑوں روپے کما کر زیر تعلیم بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا

پیر 13 جولائی 2015 15:16

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جولائی۔2015ء ) ملک کو کرپشن پر محیط ٹھیکیداری کے جس نظام کے ذریعے لوٹ کر کروڑ پتی بننے کے شارکٹ کٹ راستے اپنانے کی ایک مثال اٹک کی تحصیل جنڈ میں تعمیر ہونے والا دانش سکول سسٹم ہے جس میں ٹھیکیداروں اور سرکاری افسران نے ملی بھگت کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے ۔2013ء میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے 298ملین کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس دانش سکول کا افتتاح کیا تھا دو سال کا عرصہ گزرنے کے ساتھ ہی ٹھیکیدار کی ناقص تعمیرات کا پول اس وقت کھل گیا جب سکول میں بنائے گئے چار بڑے بڑے ہالز کی چھتیں کریک ہوکر نیچے جھک گئیں ۔

پاکستان کے انتخابات میں جس جماعت کے جیتنے کے امکانات روشن ہوں اس کی الیکشن مہم میں پیسہ لگا کر برسر اقتدار آنے پر اس سے اربوں روپے کے سرکاری تعمیراتی کام کے ٹھیکے لینے والے مافیا نے دانش سکول کی تعمیر کا پول کھلنے پر کرپشن کو چھپانے کیلئے فوری طور پر جیک لگا کر بلڈنگ کے نیچے سپورٹ دے کر چھت کو گرنے سے بچا لیا اب ان بڑے ہالز میں جگہ جگہ چھت کے نیچے سپورٹ کیلئے لگائے گئے بیم نظر آتے ہیں جو کرپشن مافیا کی ناقص تعمیر کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

کرپشن کی خبریں عام ہونا شروع ہوئیں تو سکول انتظامیہ نے صحافیوں کا سکول میں داخلہ بند کردیا ۔پاکستان میں سرکاری سکولوں کی تعمیرات میں ناقص میٹریل اور کرپشن کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے بھی مختلف سکولوں کی عمارتیں ناقص تعمیرات کی وجہ سے زمین بوس ہوچکی ہیں جس میں کئی بچوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ۔ حالیہ مون سون بارشوں کی وجہ سے اندیشہ ہے کہ سینکڑوں بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں محکمہ تعلیم کے ریکارڈ کے مطابق اس وقت لاہور میں 127 سرکاری عمارتیں خطرناک قرار دی جا چکی ہیں جن کی دوبارہ مرمت اور تعمیر کی ضرورت ہے پنجاب میں 4727 سکولوں کی عمارتیں خطرناک قرار دی جا چکی ہیں جن میں 40فیصد عمارتیں ضلع گوجرانوالہ ، خوشاب ، سرگودھا ، لیہ ، اٹک اور راولپنڈی میں موجود ہیں کئی پرائیویٹ سکول بھی ایسے ہیں جن کی عمارتیں مخدوش ہیں اور کسی بھی وقت بڑے جانی نقصان کا باعث بن سکتی ہیں حکومت پنجاب کو چاہیے وہ ان پرائیوٹ سکولوں کو بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ بنوانے کا پابند کرے بصورت دیگر ایسے سکولوں کو بند کردیا جائے اور اس کرپشن میں ملوث ٹھیکیدار وں اور مافیا کو گرفتار کرکے کارروائی کی جائے ۔