وزیر اعلی پنجاب کی راولپنڈی کینٹ میں چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کیلئے خصوصی فنڈز فوری فراہم کرنے کی ہدایت

جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو 5،5لاکھ روپے حکومت پنجا ب کی جانب سے دیئے جائیں گے

پیر 13 جولائی 2015 23:04

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جولائی۔2015ء ) وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے ایم این اے ملک ابرار احمد کی درخواست پر راولپنڈی کینٹ میں چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کے لیے خصوصی فنڈز فوری فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ،جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو 5,5لاکھ روپے حکومت پنجا ب کی جانب سے دیئے جائیں گے ،تمام متعلقہ ادارے برساتی نالوں ،چھوٹے نالوں کی مکمل صفائی کے لیے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔

پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی امور کشمیر ،گلگت بلتستان ملک ابرار احمد کی زیر صدارت حالیہ بارشوں سے کینٹ میں ہونے والی تباہ کاریوں اور اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اعلی سطحی اجلا س منعقد ہوا ۔ڈسٹرکٹ کوآرڈینشن آفیسر راولپنڈی ساجد ظفر ڈال ،اے ڈی سی جی عارف رحیم ،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر عبدالرحمان ،ڈپٹی سی ای او راولپنڈی کینٹ رانا عبدالوہاب ،ایڈیشنل سی ای او رمیض احمد ،ایم ڈی سالڈ ویسٹ منیجمنٹ عرفان قریشی کے دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کینٹ بورڈ کی جانب سے بتا یا گیا کہ برساتی نالے کے ساتھ اضافے نالے لنک کرنے کی وجہ سے پانی کی سطح بلند ہوئی اور نالے کے اردگرد کے علاقوں میں نقصانات ہوئے ۔کینٹ بورڈ کے اس موقف پر اجلا س میں شدید تنقید کی گئی کہ اپنی غلطی تسلیم کرنے کی بجائے دوسروں پر زمہ داری عائد کی جارہی ہے ۔ایم این اے ملک ابرار احمد نے اجلاس کے دوران وزیر اعلی پنجاب سیکرٹریٹ میں رابطہ کیا اور انھیں وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے پیغام دیا گیا کہ کینٹ میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات ،صفائی اور جابحق ہونے والے افراد کی امداد کے لیے فنڈز فوری فراہم کیے جائیں گے ۔

ملک ابرار احمد نے اجلاس کو بتا یا کہ وزیر اعلی پنجاب نے جابحق ہونے والوں کے لیے 5,5لاکھ روپے فی خاندان فراہم کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے اور آئندہ چند دنوں میں یہ امدادی رقوم ان خاندانوں تک پہنچا دی جائے گی ۔ملک ابرار احمد نے راولپنڈی کینٹ بورڈ حکام کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ شروع ہونے والے مون سون بارش سیزن سے قبل کینٹ کے تمام برساتی نالوں اور چھوٹے نالوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنائیں اگر افرادی قوت کم ہے تو عارضی طور پرسینٹری ورکرز کی خدمات حاصل کر کے کینٹ بھر کو صاف کیا جائے ۔

ملک ابرار احمد نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اگر متعلقہ اداروں کے افسران اور ملازمین اپنی زمہ داریاں پوری نہیں کرسکتے تو وہ گھروں میں بیٹھ جائیں میں اسطرح اپنے حلقے کی عوام کو ڈوبتے ، مرتے نہیں دیکھ سکتا ، میرا انتظامیہ سے یہ سوال ہے کہ 10قیمتی جانوں کی ضیاع کا آخر کار زمہ دار کون بنتا ہے ؟تمام اداروں کے افسران نے ملک ابرار احمد کو یقین دہانی کرائی کہ جو غلطیاں اور کوتاہیاں ہوئیں ہیں وہ دوبارہ نہیں ہونگی ،ہم بہتر سے بہتر کام کر کے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :