کسی بھی سازشی ہتھکنڈے کے ذریعے کراچی پرقبضہ نہیں کیاجاسکتا، الطاف حسین

سول حکومتیں اب غیر جمہوری قوتوں کے ساتھ ملکر جائز و ناجائز ہتھکنڈے استعمال کرکے ایم کیوایم سے کراچی چھیننا چاہتی ہیں سویلین اور غیر سویلین ادارے اور حکومتیں مشترکہ طور پر اتحاد کرکے بار بار ایم کیوایم کو ختم کرنے کیلئے ریاستی آپریشن کرچکے ہیں

بدھ 15 جولائی 2015 23:02

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جولائی۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے کہا ہے کہ کراچی کے حقوق کیلئے ہزاروں کارکنان نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں ہیں اور ہم کسی بھی صورت یا کسی بھی سازشی ہتھکنڈے کے ذریعے کراچی پر قبضہ نہیں ہونے دینگے ، ایم کیوایم کو عوام اور اللہ تعالیٰ کی تائید حاصل ہے اور اسکی بدولت ایم کیوایم کا پرچم بلندیوں پر لہراتا رہے گا ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ایم کیوایم پنجاب کے صدر اور حق پرست سینٹر میاں عتیق اور اراکین آرگنائزنگ کمیٹی ایم کیوایم پنجاب سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ الطاف حسین نے کہاکہ میں نے محروم و مظلوم عوام کے حقوق کیلئے اپنی 37سالہ زندگی جدوجہد میں لگا دی اور اس جدوجہد کے دوران میں نے منشو ر ومقاصد اور نظریاتی لیکچر ز ، سوال و جواب کے سیشن کا انعقاد کرکے ایک ایک ساتھی کو نظریاتی طور پر تیا کیا ہے یہی وجہ ہے کہ سویلین اور غیر سویلین ادارے اور حکومتیں مشترکہ طور پر اتحاد کرکے بار بار ایم کیوایم کو ختم کرنے کیلئے ریاستی آپریشن کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم جدوجہد کے دوران آگ و خون کے دریا عبور کرتی آرہی ہے ، ایم کیوایم کے کارکنان و ذمہ داران وفا کا تقاضا نبھاتے ہوئے ، وعدو ں کا پاس رکھتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہے لیکن سویلین حکومت اور غیر سویلین اداروں کے ایجنٹ نہیں بنے بلکہ انہوں نے آزمائش کے بعد اپنی جان دینا گوارہ کیا لیکن اپنے ظرف و ضمیر کاسودا نہیں کیا ۔

انہوں نے کہاکہ حال ہی میں این اے 246کراچی کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں ایم کیوایم کو شکست دینے کیلئے ایک طرف تمام حربے استعمال کئے گئے تو دوسری جانب غیر سویلین اور اداروں نے بھی ایم کیوایم کو اس انتخاب میں شکست دلانے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی لیکن اس کے باوجود اللہ کے فضل و کرم سے تمام تر سویلین اور غیر سویلین اور حکومت کے مل جانے ، سازشی ہتھکنڈوں اور آزمائش کے بعد یہ ایم کیوایم سے این اے 246کی سیٹ حاصل نہیں کرسکے اور عوام نے تمام تر پریشانیوں اور رکاوٹوں کے باوجود ایم کیوایم کوشاندار فتح سے ہمکنار کرایا ۔

انہوں نے کہاکہ این اے 246کی نشست پرایم کیوایم کی واضح اور شاندار کامیابی کے بعد بھی پاکستان کے سویلین اور غیر سویلین اداروں نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سول حکومتیں اب غیر جمہوری قوتوں کے ساتھ ملکر جائز و ناجائز ہتھکنڈے استعمال کرکے ایم کیوایم سے کراچی چھیننا چاہتی ہیں یعنی کراچی کوغیر جمہوری ہتھکنڈوں اور مافیا کے ذریعے ایم کیوایم سے حاصل چاہتے ہیں ۔

انہوں نے میاں عتیق کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ جب تک ایم کیوایم کو عوامی اور رضاکارانہ مینڈیٹ حاصل ہے تب تک کسی بھی طاقت کے ذریعے حکومت یا غیر جمہوری لوگ ایم کیوایم سے کراچی نہیں چھین سکتے اور ہم کراچی میں مافیا ، چور اچکوں کا قبضہ نہیں ہونے دینگے ۔ انہوں نے کہاکہ تحریکی جدوجہد میں حق پرستی کی خاطر ہزاروں ساتھیوں نے جانوں کا نذرانہ دیا لیکن کوئی بھی ہتھکنڈہ استعمال کرلیاجائے عوام الطاف حسین کو ہرگز نہیں چھوڑیں گے ۔

الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم اللہ تعالیٰ کی تائید اور عوام کی حمایت حاصل ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ایم کیوایم کر پرچم کراچی سمیت ملک بھر میں بلندیوں پر لہراتا نظر آئے گا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم پنجاب کے صدر میاں سینیٹرعتیق اور اراکین آرگنائزنگ کمیٹی پنجاب نے الطاف حسین کے فکر و فلسفہ پر اپنے بھر پور اعتماد کااظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب کے حق پرست عوام تمام تر نامساعد حالات کے باوجود الطاف حسین اور ایم کیوایم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔