خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 16جولائی کو گراؤنڈ عزیزآبادمیں سالانہ امدادی پروگرام منعقد کیا جائے گا

بدھ 15 جولائی 2015 23:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جولائی۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیراہتمام کل 16جولائی 2015ء بروز جمعرات سہہ پہر 03بجے جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں سالانہ امدادی پروگرام منعقد ہوگا جس سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین حسب روایت لندن سے ٹیلی فونک خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

امدادی پروگرام کے سلسلے میں انتظامات اور تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے جبکہ غرباء ، مساکین ، یتیموں اورمستحقین میں بلاتفریق امدادی سامان اور نقد رقوم کے ٹوکن تقسیم کئے جاچکے ہیں ۔

امدادی پروگرام میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور سینٹر ز عمائدین شہر شرکت کریں گے ۔واضح رہے کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام رمضان المبار ک کے آخری عشرے میں بڑا امدادی پروگرام منعقد کیا جاتا ہے جس میں کروڑوں روپے مالیت کا امدادی سامان اور نقدرقوم مستحقین میں تقسیم کی جاتی ہیں اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کیاجاتا ہے ۔