کھیل کے میدانوں ،پارکوں اور رفاعی پلاٹوں سے تجاوزات ختم کرائی جائیں ،حافظ نعیم الرحمن

چائنا کٹنگ سمیت ہر قسم کی غیر قانونی لیز کی منسوخی کو یقینی بنایا جائے ۔وزیرِ بلدیات کے بیان کا خیر مقدم دہشت گردوں ،مجرموں اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے

ہفتہ 1 اگست 2015 21:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے صوبائی وزیر ِ بلدیات ناصر حسین شاہ کی جانب سے سندھ بھر میں سر کاری زمینوں اور املاک کی غیر قانونی لیز منسوخ کر نے کے فیصلے اور کلفٹن میں دو سر کاری بنگلوں کی غیر قانونی لیز منسوخ کر کے اسے واپس لینے کا خیر مقدم کر تے ہوئے اس بات پر زور دیاہے کہ کراچی میں بڑ ے پیمانے پر کھیل کے میدانوں ،پارکوں اور فلاحی و رفاعی پلاٹوں پر قبضے اور تجاوزات کو ختم کرا یا جائے اور چائنا کٹنگ سمیت ہر قسم کی غیر قانونی لیز اور الاٹمنٹ کی منسوخی کو یقینی بنا یا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بر سوں سے اس امر کی نشاندہی کر رہی ہے کہ کراچی میں حکومتی سر پرستی اور اداروں کی ملی بھگت سے کھیل کے میدانوں ،پارکوں اور فلاحی و رفاعی پلاٹوں پر قبضے کیے جاچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہاں یونٹ و سیکٹر آفس قائم ہیں اور چائنا کٹنگ کے نام پر اربوں روپے کھائے گئے ہیں ۔ان قبضوں میں جو عناصر ملوث رہے ہیں ان کی نشاندہی بھی کی جاتی رہی ہے ۔

اس سلسلے میں سابق سٹی ناظم نعمت اﷲ خان نے سپریم کورٹ میں اپیل بھی دائر کی تھی اور سر کاری اراضی اور ناجائز لیز کی تفصیلات عدالتِ عظمیٰ کی خدمت میں پیش کیں تھیں ۔سپریم کورٹ نے واضح طور پر حکومت اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی تھی کہ سر کاری اراضی قبضے اور تجاوزات ختم کی جائیں ۔مگر افسوس کہ سپریم کورٹ کے اس حکم پر کوئی تو جہ نہیں دی گئی اور ملوث عناصر کے خلاف کو ئی کاروائی نہیں کی گئی ۔

رفاعی پلاٹوں پر غیر قانونی شادی ہالز چلتے رہے ،ان کا کمرشل مقاصد میں استعمال جاری رہا اور یونٹ و سیکٹر آفس بھی قائم رہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں ،مجرموں اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف کا روائی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچا یا جائے ۔رینجرز اور ایف آئی اے نے جو ثبوت و دستاویزات اور ریکارڈ قبضے میں لیا ہے اس کی ہر پہلو سے جانچ پڑ تال اور چھان بین کی جائے اور اس کی غیر قانونی لیز سر کاری اراضی پر قبضوں اور چائنا کٹنگ کے نام پر اربوں روپے کی لوٹ مار میں جو لوگ ملوث ہیں خواہ وہ کتنے ہی با اثر ہوں اور ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت یا گروہ سے ہو ۔

ان کے ساتھ ہر گز نرمی نہ بر تی جائے ان لو گوں کو گرفتاراور سیاسی وابستگی ظاہر کر کے عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :