چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلقہ منصوبوں کے معاہدوں پر عملدرآمد اور فنڈز کے حصول کیلئے کام تیز کیا جائے

وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کو ہدایت، آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی بحالی کیلئے چین کی فراہم کردہ ایک کروڑ ڈالر کی گرانٹ تاحال منتقل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار

اتوار 2 اگست 2015 16:27

چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلقہ منصوبوں کے معاہدوں پر عملدرآمد ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء ) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلقہ منصوبوں کے معاہدوں پر عملدرآمد اور فنڈز کے حصول کیلئے کام تیز کیا جائے ، آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی بحالی کیلئے حکومت چین کی جانب سے ایک کروڑ ڈالر کی گرانٹ تاحال منتقل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ۔

اتوار کو سنیٹر اسحق ڈار نے چھٹی کے دن ہونے کے باوجود وزارت خزانہ میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکرٹری اقتصادی امور سلیم سیٹھی ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈویژن طارق محمود پاشا اور جوائنٹ سیکرٹری اویس منظور سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی واپسی اور بحالی کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ حکومت چین نے اس حوالے سے ایک کروڑ ڈالر کی گرانٹ فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا جو ابھی تک منتقل نہیں ہوسکی ، اس پر وزیر خزانہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چین سے ایک کروڑ ڈالر کی گرانٹ کی منتقلی میں تاخیر کا ذمہ دار سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کو قرار دیتے ہوئے سختی سے ہدایت کی ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلقہ منصوبوں کے معاہدات پر عملدرآمد اور بالخصوص فنڈز کی بروقت منتقلی کیلئے کام تیز کیا جائے اس حوالے سے کوئی عذر قابل قبول نہیں ہوگا ۔