ٹیوٹا نے شارٹ کورسز کے پہلے مرحلے کی شاندار کامیابی کے بعد دوسرے مرحلے میں50شارٹ کورسز متعارف کروادئیے

ان شارٹ کورسز کے ذریعے ٹیوٹا صوبہ بھر میں اپنے 285منتخب اداروں میں36120 نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو ہنر مند بنایا جارہا ہے شارٹ کورسزجدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ملکی و بین الاقوامی انڈسٹری کی سفارشات کے مطابق متعارف کئے گئے ہیں‘ عرفان قیصر شیخ

پیر 3 اگست 2015 18:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)نے بیروزگار نوجوانوں کو فوری روزگار کی فراہمی کیلئے شارٹ کورسز کا آغاز کیا ہے ، شارٹ کورسز کے پہلے مرحلے کی شاندار کامیابی کے بعد دوسرے مرحلے میں50شارٹ کورسز متعارف کروادئیے ہیں، ان شارٹ کورسز کے ذریعے ٹیوٹا صوبہ بھر میں اپنے 285منتخب اداروں میں36120 نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو ہنر مند بنایا جارہا ہے،یہ شارٹ کورسزجدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ملکی و بین الاقوامی انڈسٹری کی سفارشات کے مطابق متعارف کئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے گزشتہ روز ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر موبی لنک کے نائب صدرفیصل اعجازخان ،منیجرزموبی کیش رائے فخر اور یاسر شریف خان، سپیشل موبی کیش آفیسر وقاص جاوید، ٹیوٹا افسران حامد غنی انجم،عبدالقیوم، اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ ، سرفراز انواراور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے مرحلے میں شروع کئے گئے 50 شارٹ کورسز میں سے 36 نئے شارٹ کورسز شامل کئے گئے ہیں۔ اسکے علاوہ مختلف ملکی و بین الاقوامی آرگنائزیشنز کے ساتھ نئے کورسز شروع کرنے کیلئے معاہدے بھی کئے جا رہی ہیں تاکہ نوجوان نسل کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق جدیدکورسز میں تربیت دے کر انہیں تکنیکی ماہر افرادی قوت بنایا جا سکے۔

نائب صدرموبی لنک فیصل اعجازخان نے ٹیوٹا کی جانب سے بیروزگارنوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے ٹیوٹا کی جانب کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ٹیوٹا کے طالبعلموں کووظائف بھجوانے اور صارفین کو فراہم کی جانے والی مختلف سروسز دیگر کے حوالے سے بتایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موبی لنک کا وفد ٹیوٹا کے ساتھ ان معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے جلد دورہ کر ے گا۔