الیکشن کمیشن کی پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات پر اعتراضات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت

منگل 30 اپریل 2024 14:17

الیکشن کمیشن کی پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات پر اعتراضات کی تفصیلات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات پر اعتراضات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، بیرسٹرگوہر الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔بیرسٹرگوہر علی نے موقف اپنایا کہ ہم نے 9 مارچ کو انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع کرائی تھیں، ہمیں اعتراضات نہیں بتائے گئے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اعترضات بتائے جائیں تو جواب جمع کرا دیں گے، کمیشن نے اعتراضات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ 24 اپریل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے نئے انٹرا پارٹی انتخابات پر بھی اعتراضات عائد کرتے ہوئے اسے 30 اپریل کے لیے نوٹس جاری کردیا تھا۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ای سی پی نے تیسری بار پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر اعتراض عائد کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ذرائع نے کہا تھا کہ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن پولیٹیکل فنانس ونگ نے اپنے نوٹس میں پی ٹی آئی کو 30 اپریل کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔