فیصل آباد چیمبر نے چنگ چی ر کشے فیصل آباد کی ٹریفک کیلئے عذاب قرار دیا ، روڈ بلاک کرنے پر دہشتگردی کی دفعات لگانے مطالبہ

پیر 17 اگست 2015 22:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر ندیم اللہ والا نے 26000 چنگ چی رکشاوٴں کو فیصل آباد کی ٹریفک کیلئے عذاب قرار دیتے ہوئے روڈ بلاک کرنے پر دہشتگردی کی دفعات لگانے مطالبہ کیا ہے۔ وہ ڈی ایس پی ہیڈ کوآرٹر ٹریفک انجم کمال سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔

ندیم اللہ والا نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی منظم قوموں کا شیوہ ہے ۔ بد قسمتی سے ہم موٹروے پر ٹریفک قوانین کی پوری ذمہ داری سے پابندی کرتے ہیں مگر موٹر وے سے اترتے ہی ٹریفک قوانین کی دھیجیاں اڑا نا شروع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کو طلبہ کے نصاب کا لازمی حصہ بنایا جائے اور اس سلسلہ میں ٹریفک سائنوں کے مقابلے بھی کرائے جائیں۔

(جاری ہے)

نائب صدر انعام افضل خان نے کہا کہ ٹریفک لائسنسوں کے اجراء سے متعلقہ تمام امور کو ون ونڈو سسٹم کے تحت لانے کیلئے بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ ڈی ایس پی انجم کمال نے کہا کہ وہ فیصل آباد چیمبر کے ممبران کیلئے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بارے تقریبات کا انعقاد کرانے کو تیار ہیں اور یہ تقریبات چیمبر کے اپنے آڈیٹوریم میں ہی کرائی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سالانہ 10 ہزار افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوتے ہیں جن میں 93 فیصد انسانی غلطی کی نظر ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کی چار اہم سڑکوں کو ماڈل قرار دینے کی تجویز ہے جن پر موٹرسائیکلوں کیلئے الگ لین ہوگی ۔ پہلے 15 روز ان سڑکوں پر سفر کرنے والوں کو ضروری آگاہی دی جائیگی جس کے بعد زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی جانی چاہیئے۔

انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے ای پولیس اسٹیشن میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنسوں کے جلد اجراء کی سہولت مہیا کرنے کا بھی یقین دلایا اور کہا کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کیلئے چیمبر کے ممبران کیلئے الگ وقت بھی مقرر کیا جا سکتا ہے تا کہ ان کو بلا وجہ انتظار نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے چیمبر کے سامنے کینال روڈ پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے کیٹ آئی لگوانے کا بھی وعدہ کیا`

متعلقہ عنوان :