مقامی ہوٹل میں ’’کرائسز مینجمنٹ، میڈیا کمیونیکیشن پلان‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد، شرکاء میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے

پیر 24 اگست 2015 21:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء)پریس انفا رمیشن ڈیپارٹمنٹ وزارت اطلاعات و نشریات اور ڈائریکٹوریٹ جنرل تعلقات عامہ پنجاب کے زیر اہتمام پیر کے روز مقامی ہوٹل میں ’’کرائسز مینجمنٹ، میڈیا کمیونیکیشن پلان‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقادکیا گیا جس میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ‘ ڈائریکٹوریٹ جنرل تعلقات عامہ پنجاب کے افسران سمیت صحافیوں نے شرکت کی۔

سیمینار میں معروف صحافی رحیم اﷲ یوسفزئی نے کرائسز مینجمنٹ‘ میڈیا کمیونیکیشن پلان کے حوالے سے تفصیلی پریزینٹیشن دی جبکہ سیمینار میں جنرل (ر) نصیر اختر‘ ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور اعجاز حسین نے بھی شرکت کی۔ رحیم اﷲ یوسفزئی نے اس موقع پرکہا کہ پیمرا‘ پریس کونسل آف پاکستان کو اپنی اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کرنی چاہئیں تاکہ بہترین میڈیا کمیونیکیشن ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صحافیوں پر بھی زور دیا کہ وہ صحافی ہیں لیکن پہلے پاکستانی ہیں۔ اس نظریہ پر قائم رہ کر صحافتی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ پیشہ ور صحافیوں کی استعداد کار کو بڑھانے اور پیشہ ورانہ امور میں بہتری لانے کیلئے ٹریننگ کا بندوبست کرے۔ بعد ازاں سیمینار کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔