تحقیقاتی اداروں نے آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹرعاصم حسین کو گرفتار کر لیا

ڈاکٹر عاصم حسین پر ایل این جی ، ایل پی جی کے معاملات میں کرپشن اور اپنے دور وزارت میں سی این جی اسٹیشن کے بے دریغ لائسنس بانٹنے کا الزا م ہے

بدھ 26 اگست 2015 23:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) کراچی میں تحقیقاتی اداروں نے سابق وفاقی وزیر اور سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کوبدھ کو حراست میں لے لیا ہے، میگا کرپشن اسکینڈلز میں ڈاکٹر عاصم حسین کا نام تیسرے نمبر پر لیا جاتا رہا ہے،تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین سابق صدر آصف زرداری کے بہت قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں اور ہمیشہ سے سندھ کے گورنر کے متوقع امیدوار رہے ہیں،ڈاکٹر عاصم حسین کراچی میں ایک بڑی میڈیکل یونیورسٹی کے مالک بھی ہیں، ڈاکٹر عاصم حسین تین روز قبل لندن سے کراچی پہنچے تھے، جس کے بعد انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ،ببلال بھٹو زرداری سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کی تھیں،ڈاکٹر عاصم حسین کی واپسی کی خوشی میں منگل کی شب ان کی نارتھ ناظم آباد میں واقع ان کی رہائش گاہ پر جشن بھی منایا گیا تھا ،لیکن ان کی یہ خوشی عارضی ثابت ہوئی، ڈاکٹر عاصم حسین پر ایل این جی اور ایل پی جی کے معاملات میں کرپشن کا الزام ہے ،جبکہ انہوں نے اپنے دور وزارت میں سی این جی اسٹیشن کے بے دریغ لائسنس بھی بانٹے۔

(جاری ہے)

حتیٰ کے وزارت کے آخری روز سی این جی اسٹیشن کے سیکڑوں لائسنس جاری کیے،ڈاکٹر عاصم پر کرپشن، منی لانڈرنگ ، سرکاری زمینوں پر قبضے ، نالوں پر قبضے کے الزامات ہیں۔ سابق وزیرداخلہ ذوالفقار مرزا نے بھی کرپشن کے ذریعے بنائی جانے والی اربوں ڈالر ناجائز طریقے سے بیرون ملک منتقل کرنے کے الزامات عائد کئے تھے، ڈاکٹر عاصم کی وعدہ معاف گواہ بننے کی خبریں زیرگردش ہیں۔